پیپلز پارٹی نے عابد شیر علی کو مسخرا قرار دیدیا

موت کے کنویں بند ہونے سے بیروزگار ہونیوالا عابد شیر علی سیاست میں آگیا‘ شوکت بسرا

منگل 20 مارچ 2018 20:04

پیپلز پارٹی نے عابد شیر علی کو مسخرا قرار دیدیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے عابد شیر علی کو مسخرا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عابد شیر علی سیاستدان نہیں شریفوں کی دربار کا مسخرا ہے،موت کے کنویں بند ہونے سے بیروزگار ہونے والا عابد شیر علی سیاست میں آگیا۔

(جاری ہے)

اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ضیاء کی دربار کا دربان تھا اب اپنی دربار بنا لی ہے، عابد شیر علی جیسے نواز شریف کو خوش کر کے بدلے میں وزارتیں لیتے ہیں، نون لیگ کے یہ مسخرے مصیبت کے وقت یہ کہہ کر جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں ہم مزاق کر رہے تھے،کہاں قربانیاں دینے والی پی پی کی قیادت اور جیالے اور کہاں یہ درباری مسخرے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پہلے بھی آمر کے سامنے ناک رگڑ کر معافیاں مانگ کر ملک سے باہر بھاگا تھا،اب بھی شہباز شریف جلسوں میں ہاتھ جوڑ جوڑ کر منتیں کر رہا ہے۔نواز شریف اگر اپنی عزت چاہتے ہیں تو اپنے درباریوں کو آداب سکھائیں،بہت ہو گیا کوئی مسخرا ہماری قیادت پر بات کرے گا ہم بھی اس کی قیادت تک جائیں گے۔