گزشتہ روزنجی ٹرمینل پر حادثے میں پیش رفت ہوئی ہے، برتھنگ آپریشن بحال کر دئے گئے ہیں،ترجمان کے پی ٹی

چیئرمین کے پی ٹی کا کنٹینرز سے لدے جہاز کا لنگر انداز سے ٹکرانے کی جگہ کا دورہ، کنٹینرز کے ڈوبنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا

منگل 20 مارچ 2018 20:01

گزشتہ روزنجی ٹرمینل پر حادثے میں پیش رفت ہوئی ہے، برتھنگ آپریشن بحال ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) نجی ٹرمینل سائوتھ ایشیاء پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ میں ہونے والے کل کے حادثے میں پیش رفت ہوئی ہے اور نجی ٹرمینل میں برتھنگ آپریشن بحال کر دئے گئے ہیں۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب برتھنگ کے دوران مرین ویسل ٹولٹن اور مرین ویسل ہیمبرگ بے کے درمیان ٹکرائو ہوا اور اس موقع پر کچھ کنٹینر سمندر میں بھی گرے تھے جس کے باعث کچھ دیر کے لئے نجی ٹرمینل آپریشن بھی معطل ہوا تھا۔

نجی ٹرمینل پر آپریشن کی بحالی کے بعد مرین ویسل ٹولٹن کی روانگی شیڈول کے مطابق آج رات ہوگی اور اسی طرح سے مرین ویسل ہیمبرگ کی روانگی بھی شیڈول کے مطابق ہوگی ۔ تمام کنٹینر جو سمندر میں گرے تھے انکو نکالا جا رہا ہے ا ور اس ضمن میں پاکستان نیوی کے ڈائیورز نے بھی کے پی ٹی کو مد د فراہم کی ہے اور کنٹینروں کا پتہ لگا کر نکالا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی جانچ کے لئے انویسٹیگیشن بورڈ کی تشکیل آرڈر کی گئی ہے جو کہ سینئر افسران پر مشتمل ہو گی۔ تا حال پورٹ آپریشن کے پی ٹی اور نجی ٹرمینل SAPTL پر بحال ہیں اور تاخیر کا شائبہ بھی موجود نہیں ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابقچیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے کنٹینرز سے لدے جہاز کا لنگر انداز سے ٹکرانے کی جگہ کا دورہ کیا اور کنٹینرز کے ڈوبنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے پی ٹی کے مطابق یقینی بنایا جارہا ہے کہ کنٹینرز بہہ کر چینل میں نہ آئیں، کنٹینرز بہہ کر چینل میں جانے سے روکنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز جہاز کی برتھنگ کے دوران کنٹینرز سے لدا جہاز لنگر انداز جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میںکنٹینرز سمندر میں گر گئے تھے۔