گورنر سندھ محمد زبیر سے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد کی ملاقات

صحافتی آزادی ،جمہوریت کے قیام اور تسلسل کے لئے صحافت کے کردار اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 20 مارچ 2018 19:57

گورنر سندھ محمد زبیر سے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک بنگلہ دیش دو طرفہ تعلقات بھائی چارہ ، اخوت ، برابری اور احترام کی بنیاد پر قائم ہیں ، دوطرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری معاہدوں سے دوطرفہ عوام کی طرز زندگی بدلنے میں اہم ثابت ہونگے ، پاکستان مستحکم ، مضبوط اور ترقی یافتہ بنگلہ دیش دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں پاک بنگلہ دیش صحافی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں بنگلہ دیش کے صحافیوں کے 10 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں فردوس احمد بھوپان ، رمن الدین احمد ، ٹھاکر صلا ح الدین احمد ، محمد جنید حسین ، محمد شاہ عالم ، محمد جعفر اقبال ، رفیق الاسلام آزاد ، انعام الحق ، حمیم الکبیر اور ساگر بسواس شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی سید سکندر علی شاہ اور ڈائریکٹر رئیسہ عادل بھی موجود تھیں ۔

ملاقات میں پاک بنگلہ دیشی دوطرفہ تعلقات ،صحافتی آزادی ،جمہوریت کے قیام اور تسلسل کے لئے پاکستانی صحافت کے کردار، سرمایہ کاری ، تجارت ، کاروبار ، سی پیک اور دلچسپی کے باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی مکمل آزادی حاصل ہے ، جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافت نے کلیدی کردار ادا کیا ، عالمی حالات کے تیزی سے بدلنے میں دو طرفہ صحافی حکومت اور عوام کو نئے راستوں کے بارے میں آگاہ اور عوام کی فلاح و بہبود کے ضمن میں اقدامات کے بارے میں رائے عامہ ہموار کریں ، پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات میں صحافت اہم کردار اد ا کررہی ہے ، بنگلہ دیش کے صحافیوں کے وفد کی پاکستان آمد اور پاکستانیوں صحافیوں سے ملاقات خوش آئند ہے اس ضمن میں مشترکہ اقدامات اہم ثابت ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہو ں نے کہا کہ آج کا پاکستان پر امن اور ترقی وخوشحالی کی سمت گامزن ہے ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان کو عالمی تجارت میں کلیدی اہمیت حاصل ہوگی ، پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کے حالات میں بہتری کے باعث غیرملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، صنعتی فعالیت ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہورہے ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد دیگر ممالک کے لوگ روزگار کے حصول کے لئے پاکستان کا رخ کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجو د بنگلہ دیشی کمیونٹ ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لے رہے ہے حکومت بھی ان کے طرززندگی کو بدلنے کے لئے انھیں بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے ، ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بے پناہ استعداد کا حامل شہر ہے جہاں کم لاگت ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور محنتی افرادی قوت دستیاب ہے جو کسی بھی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ثابت ہوتی ہے شہر کی استعداد کی واضح مثال طویل عرصہ سے یہاں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں ہیں جو اب مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں ، یہی آئیڈیل موقع ہے جب شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کیا جا ئے اس ضمن میں بنگلہ دیشی صحافی پاکستان کے اصل حقائق اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بنگلہ دیشی عوام کو آگاہ کریں ۔