وزارت مذہبی امور نے مصری مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی ابراہیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شیڈول جاری کردیا

منگل 20 مارچ 2018 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) وزارت مذہبی امور نے مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی ابراہیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شیڈول جاری کردیا ہے۔ مصری مفتی اعظم 23مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے مطابق مصری مفتی اعظم اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے ۔

مفتی اعظم بین الاقوامی مذہبی رواداری کانفرنس میں مہمان خصوصی ہونگے۔ شیڈول کے مطابق مفتی اعظم بھیرہ شریف جائینگے جبکہ فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ بھی دینگے۔ مصر کے مفتی اعظم بادشاہی مسجد کا دورہ کرینگے اور مزار اقبال پر بھی حاضری دینگے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مصری مفتی اعظم (آج) بدھ کو اسلامی نظریاتی کونسل میں پیغام پاکستان سیمینار میں مہمان خصوصی ہونگے۔