جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان ویمن نے سری لنکا ویمن کو پہلے ون ڈے میں 69 رنز سے ہرا دیا، سری لنکن ٹیم 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز پر آئوٹ، بسمعہ معروف کی 3 اور ثناء میر کی 2 وکٹیں

منگل 20 مارچ 2018 18:28

جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان ویمن نے سری لنکا ویمن کو پہلے ..
ڈمبولا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 69 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکن ٹیم 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بسمعہ معروف نے 3 اور ثناء میر نے 2 وکٹیں لیں، جویریہ خان نے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے، جویریہ خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 113 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، ندا ڈار 34، ثناء میر 27، کپتان بسمعہ معروف 19، ناہیدہ خان 13، منیبہ علی اور سدرہ امین بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوئیں، نتالیہ پرویز نے 21 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئیں، جیان گنی اور ششیکالا سری وردنے نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 46ویں اوور کی دوسری گیند پر 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان جیان گنی 46 اور ششیکالا سری وردھنے 44 رنز بنا کر نمایاں رہیں، بسمعہ معروف نے 3، ثناء میر نے 2 جبکہ دیانا بیگ، نتالیہ پرویز، ناشرہ اور ندا ڈار نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :