احتساب عدالت نے احد چیمہ سمیت 4 ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ نیب کے حوالے کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 مارچ 2018 16:32

احتساب عدالت نے احد چیمہ سمیت 4 ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ نیب کے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مارچ۔2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ایل ڈی اے کے سابق سربراہ احد خان چیمہ سمیت نجی کمپنی کے مالک شاہد شفیق اور دیگر 4 ملزمان کو مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ نیب کے حوالے کردیا ہے۔لاہور کی احتساب عدالت میں جج محمد اعظم نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس دوران نیب کے تفتیشی افسر پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نیب تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ احد چیمہ نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم میں فراڈ کیا اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم شاہد شفیق نے بھی جعلی دستاویزات سے ٹھیکے حاصل کیے جبکہ دیگر ملزمان اسرار سعید، بلال قدوئی، امتیاز حیدر اور عارف مجید بٹ نے بھی آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل میں بے ضابطگیاں کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملزمان کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ ایل ڈی اے نے آشیانہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے ٹھیکے میں مکمل طریقہ کار اپنایا اور ٹھیکے کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی، جس نے قانون کے مطابق ٹھیکہ دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ٹھیکے میں حکومت نے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا اور اس معاہدے کے تحت پہلے کام مکمل کرنا تھا جس کے بعد ادائیگی کرنی تھی۔وکیل نے دلائل دیے کہ جب کوئی پیسہ حکومت نے دیا ہی نہیں تو کرپشن کہاں ہوئی، جو جگہ حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی اس میں متعدد جگہ پر حکم امتناعی ہے۔

ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ نیلامی میں 86 کمپنیوں نے حصہ لیا، جس میں سے 28 کمپنیاں منتخب ہوئیں اور احد چیمہ نے ہر تجاویز کو دیکھتے تھے۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے استفسار کیا کہ پروسیکیوشن بتائے کہ کیا ایک انچ کہ زمین بھی ریلیز کی گئی، جس پر نیب پروسیکیوٹر نے بتایا کہ احد چیمہ نے آشیانہ اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کیں اور 32 کنال اراضی اپنے خاندان کے افراد کو نوازی۔

نیب پروسیکیوٹر نے بتایا کہ احد چیمہ نے اپنے دور میں اختیارات سے تجاوز کیا اور دوران حراست 49 کنال اراضی کا خود اقبال جرم بھی کیا۔نیب پروسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے کافی مواد ملا، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ احد چیمہ سے لیپ ٹاپ کی ڈیٹ سے متعلق مزید تفتیش درکار ہے۔بعد ازاں عدالت نے احمد چیمہ اور شاہد شفیق سمیت دیگر 4 ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :