شیخ رشید کی نا اہلی پر فیصلہ محفوظ‘ پاناما کیس کے اصولوں کا اطلاق سب پر ہوگا-سپریم کورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 مارچ 2018 16:10

شیخ رشید کی نا اہلی پر فیصلہ محفوظ‘ پاناما کیس کے اصولوں کا اطلاق سب ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مارچ۔2018ء) سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی نا اہلی سے متعلق شکیل اعوان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔سپریم کورٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد کی نا اہلی کے لیے مسلم لیگ( ن) کے رہنما شکیل اعوان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر شکیل اعوان کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید نے اثاثے چھپائے اور غلطی تسلیم بھی کی‘جس پر جسٹس فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ شیخ رشید نے بیان حلفی میں کہا کہ اثاثے چھپائے نہیں لیکن غلطی ہوگئی۔وکیل شکیل اعوان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے اثاثے چھپائے اس پر نا اہلی بنتی ہے، روپا قانون کے مطابق تمام اثاثے ظاہر کرنا لازم ہیں، غلط کاغذات نامزدگی بھرنے پر سب سے تازہ فیصلہ پاناما کا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس فائزعیسیٰ نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق غلطی جیسی بھی ہوامیدوار کو باہر کردینا چاہیے، کیا پاناما کے وضع کردہ اصولوں کا اطلاق سب پر نہیں ہوگا ؟اگر سخت لائبیلٹی کا اصول ثابت ہوا تو شیخ رشید آﺅٹ ہو جائیں گے۔جسٹس عظمت نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کاغذات نامزدگی میں غلطی اور اثاثہ ظاہر نہ کرنا ثابت بھی ہو جائے تو کیا وہ فارغ ہیں؟شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ میرے مو کل نے کوئی اثاثہ نہیں چھپایا،جس پر جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ سہوا غلطی پر نااہلی ہوگی، کیا پاناما کیس کے مطابق سخت ذمہ داری کا اصول وضع کیا گیا ہے، کیا پاناما کیس کے اصولوں کا اطلاق سب پر نہیں ہوگا؟