کراچی بندرگاہ پر جہاز سے گرنے والے کنٹینرز کی تلاش کے لئے زیرآب آپریشن شروع

چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے کنٹینرز سے لدے جہاز کا لنگر انداز سے ٹکرانے کی جگہ کا دورہ کیا اور کنٹینرز کے ڈوبنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا

منگل 20 مارچ 2018 16:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) کراچی کی بندرگاہ پر گزشتہ روز کنٹینرز سے لدے جہاز سے گرنے والے کنٹینرز کی تلاش کے لئے زیرآب آپریشن شروع کردیا گیا، جہاز کے ٹکرنے کے نتیجے میں 21 کنٹینرز سمندر میں گر گئے تھے،ذرائع کے مطابق سمندر میں غوطہ خور زیرآب کنٹینرز کی تلاش میں مصروف ہیں جب کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کرین ’’ہاتھی‘‘کو کنٹینرز نکالنے کے لئے اسٹینڈ بائی کر دیا گیا، دوسری جانب چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے کنٹینرز سے لدے جہاز کا لنگر انداز سے ٹکرانے کی جگہ کا دورہ کیا اور کنٹینرز کے ڈوبنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے پی ٹی کے مطابق یقینی بنایا جارہا ہے کہ کنٹینرز بہہ کر چینل میں نہ آئیں، کنٹینرز بہہ کر چینل میں جانے سے روکنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز جہاز کی برتھنگ کے دوران کنٹینرز سے لدا جہاز لنگر انداز جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں 21 کنٹینرز سمندر میں گر گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :