پتنگ بازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 مارچ 2018 15:41

پتنگ بازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مارچ۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی تیمورمسعود نے پتنگ بازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے- قرارداد کے متن میں تیمور مسعود نے موقف اختیار کیا کہ لاہور میں اس وقت بھی پتنگ ڈور بنانے والے درجنوں کارخانہ موجود ہیں جبکہ پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود خونی کھیل کھلے عام جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ مارچ میں راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ پر قبرستان سے واپس دادا کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھر جانے والی 4 سالہ ام حبیبہ گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔ پنجاب اسمبلی میں ٹھیک ایک سال بعد قرارداد پیش کرنے والے تیمور مسعود کی جانب سے متن میں کہا گیا کہ پتنگ کی قاتل ڈور بنانے کے متعدد کارخانوں کے بارے میں لاہور پولیس کو عمل ہے لیکن وہ کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔متن میں تجویز پیش کی گئی کہ اس خونی کھیل کو ختم کرنے کے لیے پولیس کو ہر علاقے کے چیئرمن اور کونسلر کی مدد لینی چاہیے۔اس حوالے سے قرارداد کے متن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پتنگ اور ڈور بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔