اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور کنٹرول لائن پرکشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کو حل کرائے، جماعت اسلامی

منگل 20 مارچ 2018 11:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت اور کنٹرول لائن پر مسلسل کشیدگی کی بنیادی وجہ یعنی تنازعہ کشمیر کو حل کرائے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام 1947ء سے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے آئے ہیںلیکن ان کی آواز کو بزور طاقت دبایا جارہا ہے اور انہیںتمام بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

انہوں نے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر گولہ باری سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وادی کشمیر میں1990ء سے معصوم شہریوں کا قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاںجاری ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ یہ سب کچھ تنازعہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہ ہونے کی وجہ سے ہورہاہے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے اور ان قراردادوں کو دونوں ملکوں بھارت اور پاکستان نے بھی تسلیم کیا ہے۔

انہوںنے کہا ہزاروں معصوم شہریو ںکو قتل ،معذور اور نظربندکیا گیا ہے اور لوگ پرامن اور آزادانہ زندگی گزارنے سے قاصر ہیں۔ترجمان نے عالمی ادارے سے تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ خطے میں قتل وغارت کا سلسلہ ختم ہوجائے اور لوگ پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔