سر ویوون رچرڈ نے پاکستان پہنچتے ہی قوم کا دل جیت لیا

منگل 20 مارچ 2018 10:40

سر ویوون رچرڈ نے پاکستان پہنچتے ہی قوم کا دل جیت لیا
لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ تھری کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی2 پلے آف میچز میں شرکت کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے ارکان کا لاہور پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔لاہور پہنچنے والوں میں پشاور زلمی کے،تمیم اقبال، ڈیرن سیمی،فلیچر ،ویسلز، لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلی روسو، کراچی کنگز کے روی بوپارا، کرس گرین اور کولن انگرم وغیرہ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمود اللہ سری لنکا سے پاکستان پہنچیں گے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی 24 مارچ کو دبئی سے براہ راست کراچی پہنچیں گے اور نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل غیرملکی کمنٹیٹر بھی لاہور پہنچ گئے جن میں ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر شامل ہیں اور وہ ایلی منیٹرز میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے ہمراہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کی فاتح ٹیم آج بدھ کراچی کنگز سے معرکہ آراء ہوگی۔ غیرملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا کیوں کہ اس کے بیشتر غیرملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آرہے تاہم ٹیم مینجمنٹ نے متبادل انتظام کرلیا ہے۔لاہور پہنچنے والے غیرملکی کرکٹرز بہت خوشگوار موڈ میں نظر آرہے تھے ۔

انہیں فول پروف سیکورٹی میںان کے ہوٹل میں پہنچایا گیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سابق عالمی بلے باز سر ویون رچرڈ اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیر ن سیمی نے تو ایئرپورٹ پر شائقین کے لئے اپنے بیانات بھی ریکارڈ کروائے ۔دونوں کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان دوبارہ آکر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستانی شائقین کو بھی حق حاصل ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹرز کو اپنی ہوم گرائونڈ میں کھیلتا دیکھ سکیں اور ان کے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو ۔

ویوون رچرڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ میں اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان آیا ہوں ۔مجھے اس بار امید ہے کہ ہماری ٹیم گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مجھے آکر بہت خوشی ہوتی ہے اور پاکستانیوں کی میزبانی اور محبت نے مجھے بہت متاثر کیا ہے ۔دنیا کے دیگر غیر ملکی کرکٹرز کو بھی پاکستان آکر میزبانی کا لطف اٹھانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی بار پاکستان آچکے ہیں اس لئے پاکستان میرے لئے اجنبی نہیں ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچے گی ۔

متعلقہ عنوان :