کپاس کی آئندہ فصل سے زیادہ سے زیادہ پیدا وار حاصل کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

پیر 19 مارچ 2018 23:30

جھنگ ۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء)کپاس کی آئندہ فصل سے زیادہ سے زیادہ پیدا وار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت توسیع نے کسانوں اور کاشتکاروں کی سہولت اور معلومات کیلئے بہترین حکمت عملی مرتب کی ہے تاکہ کپاس کے کاشتکار آئندہ فصل کی کاشت سے نہ صرف اچھی پیدوار حاصل کر سکیں بلکہ فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔

یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت طاہر محمود نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی اس موقع پر محکمہ زراعت کے ضلعی و تحصیل افسران سمیت کاشتکار اور کسان بھی موجو دتھے۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں یکم اپریل سے پہلے کپاس کی کاشت پر دفعہ144کے تحت پابندی عائدکر دی ہے اس ضمن میں قبل از وقت اگیتی کپاس کاشت کی گئی فصل تلف کر دی جائیگی تاکہ کپاس کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں خصوصاًگلابی سنڈی کے حملہ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوںکی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے لہٰذا کاشتکار کپا س کی آئندہ فصل کی کاشت کیلئے بیج کا انتخاب کرتے وقت محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل درآمدکرتے ہوئے تجویز کردہ ترقی دادہ اقسام بیج کا ہی انتخاب کریں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کسانوں اور کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کے قبل از وقت کاشت سے ہونے والے نقصانات اور فصلوں کو جڑی بوٹیوں سے بچائو کے طریقہ کار بھی بتائے۔