موجودہ حکومت نے بجلی اور گیس کے ریٹ کم کرکے انڈسٹری ، معیشت ، انرجی اور ایکسپورٹ کو ترقی دی ہے، ملک میں امن و امان قائم کرکے کاروبار اور تجارت میں اضافہ کیا ہے ۔وزیر مملکت برائے خزانہ

پیر 19 مارچ 2018 23:30

فیصل آباد ۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بجلی اور گیس کے ریٹ کم کرکے انڈسٹری ، معیشت ، انرجی اور ایکسپورٹ کو ترقی دیہے اور ملک میں امن و امان قائم کرکے کاروبار اور تجارت میں اضافہ کیا ہے ۔ وہ یہاں پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاٹن کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ہماری ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کو باہر سے کاٹن درآمد کرنا پڑی ہے اور اس کے ساتھ سمگلنگ میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹیکسٹائل کے تمام شعبوں سے مشاورت کررہی ہے تاکہ آئندہ بجٹ میں ان کے مسائل کو حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہم مشکل دور سے گذررہے ہیں اور ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج جمہوریت اور ریاست کو خطرات سے نکالنا ہے انہوں نے کہا کہ 2012میں 2559دھماکے ہوئے یعنی ایک روز میں6دھماکے اور اب اس میں بہت کمی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں نئی انڈسٹری لگانے کے بارے میں لوگ سوچ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں کاروں کے بنانے کے دو پلانٹ لگ رہے ہیں۔جس میں12ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ہم نے کاروبار کے سازگار ماحول فراہم کردیا ہے اور مونسائو جیسی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایکسپورٹ کے لئے ترغیبات دی ہیں جس میں سرمایہ پر مارک اپ کا ریٹ کم کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کی تجاویز میں سیلز ٹیکس ریٹ17%سے کم کرکے 15%کیا جارہا ہے اسی طرح انکم ٹیکس کے ریٹ میں بھی کمی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشوارہ فارم آسان کردیا گیا ہے تاہم اگر مشورے کے بعد اسے مزید سادہ کیا جاسکتاہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں گیس کے ریٹ 16سینٹ ہیں جبکہ ہم 13سینٹ میں گیس مہیا کررہے ہیں ۔

اس سے قبل استقبالیہ کلمات میں زونل چیئرمین شیخ محمد فاروق اللہ والا نے ٹیکس افسران کے چھاپے بجلی اور گیس پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ بجلی گیس پر سرچارج اور بائونس چیک کے بارے میں مطالبات پیش کئے۔ وائس چیئرمین ہمایوں عبدالحق نے آنیوالے مہمانان گرامی اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ، نوید گلزار، خالد حبیب ، حاجی اسلم بھلی ،ریحان نسیم بھڑاڑہ، شیخ محمد قاسم ،پائما کے ایگزیکٹوممبران کے علاوہ سوترمنڈی سے تعلق رکھنے والے تاجران کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کے آخر میںمہمان خصوصی کو پائما ایسوسی ایشن کی یادگار شیلڈ پیش کی گئی۔