بیوٹی پارلرز اورباربر شاپس کی رجسٹریشن کا عمل جاری

پیر 19 مارچ 2018 23:30

فیصل آباد ۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) حکومت پنجاب کے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت محکمہ صحت کے زیراہتمام بیوٹی پارلرز اورباربر شاپس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اس ضمن میں ضلع بھر میں سروے کے دوران 6862بیوٹی پارلرزاورباربر شاپس کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کی رجسٹریشن کرکے ہیپاٹائٹس کے پھیلائو سے بچنے کیلئے بنیادی معلومات اور ضروری ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ صحت میں قائم کردہ کائونٹرکا دورہ کیا۔ایم این اے بیگم خالدہ منصوربھی ان کے ہمراہ تھیں۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈاکٹربلال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے رجسٹریشن کے لئے آئے ہوئے باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کے مالکان سے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ان کے زیر استعمال آلات و سازوسامان کوجراثیم سے پاک ہونا چاہیے اور خصوصاً ہیپاٹائٹس بی اور سی سے بچائو کے لئے نہ صرف محفوظ آلات ضروری ہیں بلکہ کاریگروں و ماہرین کے لیبارٹری ٹیسٹ بھی ناگزیر ہیں تاکہ اس مرض کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کو روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کنٹرول آرڈیننس پرعملدرآمد کرتے ہوئے نہ صرف بیوٹی پارلراورباربرشاپس/سیلونز کی آن لائن رجسٹریشن کی جارہی ہے بلکہ اس ضمن میں دیگر متعدد انسدادی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں لہذا متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اورسٹاف سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کے لئے آنے والوں کی مکمل رہنمائی کریں اور انہیں صحت عامہ کے اصولوں پر کار بند رہنے کے سلسلے میں ضروری معلومات بھی فراہم کی جائیں ۔

ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کی وسیع سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز جبکہ متعدی امراض کے پھیلائو کو روکنے کے لئے احتیاطی وانسدادی اقدامات کیلئے بھی جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے بیوٹی پارلرزاورہیئر سیلونز کی رجسٹریشن اورکاریگروں کی تربیت کے پروگرام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مفید اقدام سے ہیپاٹائٹس کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد نے بتایا کہ فیصل آباد سٹی میں اب تک 3200میں سے 1850بیوٹی پارلرز اور ہیئر سیلوز کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے جبکہ ہر تحصیل ہیڈ کوارٹرز پرڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کے دفاتر میںبھی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔