برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ پر عملدرآمد کا معاہدہ طے پا گیا

بریگزٹ عمل مکمل ہونے تک یورپی شہریوں کو برطانیہ اور برطانوی شہریوں کو یورپی یونین میں آنے کی اجازت ہو گی

پیر 19 مارچ 2018 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ پر عملدرآمد کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل پر مذاکرات کرنیوالے مائیکل بارنیئر اور ڈیوڈ ڈیوس نے بریگزٹ پر عملدرآمد کے آغاز کے معاہدے کو ’فیصلہ کن اقدام‘ قرار دیا ہے۔

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کا آغاز مارچ 2019 سے شروع ہو گا جو دسمبر 2020 تک جائیگا۔برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کے دوران مستقبل میں مستقل تعلقات کیلئے بھی راہ ہموار کی جائے گی۔مائیکل بارنیئر نے بتایا کہ برطانیہ میں رہنے والے 45 لاکھ یورپی شہریوں اور یورپی یونین میں رہنے والے 12 لاکھ برطانوی شہریوں کے حقوق کے حوالے سے بھی معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق بریگزٹ کا عمل مکمل ہونے تک یورپی شہریوں کو برطانیہ اور برطانوی شہریوں کو یورپی یونین میں آنے کی اجازت ہو گی۔

(جاری ہے)

امکان ہے برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے پر یورپی یونین سمٹ کے درمیان باقاعدہ دستخط کر دیئے جائیں۔برطانوی ویزاعظم ٹریزامے نے کہا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے خلوص نے اس بات کو یقینی بنایا کہ طے پانے والے اقدامات ہر کسی کیلئے قابل قبول ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو چھوڑنے کیلئے طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے بہت زیادہ کام کرنے ہیں تاکہ ہم مستقبل میں بھی یورپی یونین کیساتھ مضبوط معاشی تعلقات قائم کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :