بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی اوور سیز کے عہدیداروں کی ملاقات

پیر 19 مارچ 2018 23:00

بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی اوور سیز کے عہدیداروں کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک کا دفاع کریں اور دنیا کو بتائیں کہ پاکستان ہی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدام اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو زرداری ہائوس میں پیپلز پارٹی اوور سیز کے عہدیداروں سیّد زاہد عباس اور علی اصغر شاہد کی زیر قیادت ایک وفد سے ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے، آپ بہتر طور پر پاکستان کی نمائندگی کرکے دنیا کو باور کرا سکتے ہیں کہ ہماری قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے شدت پسندوں اور دہشت گردوں سے مزاحمت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ بنوانے کا حق دیا تھا آج دنیا بھر میں پاکستانی آباد ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک آباد اپنے ہم وطن بھائیوں سے قریبی رابطہ میں رہیں، اگر ان کے کوئی مسائل ہوں تو ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔