انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مدارس اور مساجد اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

پیر 19 مارچ 2018 22:02

انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مدارس اور مساجد اپنا بھرپور کردار ادا کر ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء)انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مدارس اور مساجد اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، عالم اسلام کو انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑنی ہے ، پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور تحفظ کیلئے مدارس عربیہ نے پہلے بھی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے، بین المذاہب مکالمہ اور بین المسالک رواداری کیلئے پاکستان علماء کونسل نے ماضی میں بھی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ عبد اللہ بن مسعود کے سالانہ اجتماع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ، اجتما ع میں ہزاروں افراد نے ملک بھر سے شرکت کی، اجتماع کی صدارت مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی نے کی ، اس موقع پر مولانا عبد الکریم ندیم، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد احمد ندیم ، مولانا سیف الرحمن درخواستی، مولانا اسد درخواستی، مولانا عبد الرئوف فاروقی ، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا سید محمد یوسف شاہ ، مولانا سعد اللہ شفیق ، مولانا مفتی عبد الستار اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی نظام مصطفی کے ساتھ ہے ، خلافت راشدہ کا نظام ہی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم رکھ سکتا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں 30 لاکھ طلباء مدارس میں پڑھتے ہیں لیکن کبھی مدارس اور مساجد نے ملک و ملت کیلئے مسائل پیدا نہیں کیے ، ہمیں پاکستان کا امن اور استحکام عزیز ہے ، پاکستان کا پرچم قائد اعظم محمد علی جناح نے علامہ شبیر احمد عثمانی کے سپرد کیا تھا اور اس پرچم کی سربلندی کیلئے ہم اپنی جانیں قربان کرتے رہیں گے ۔