پرویز مشرف جلد پاکستان آ کر عدالتوں کا سامنا کریں گے،ڈاکٹر محمد امجد

حکومت فول پروف سیکورٹی یقینی بنائے اور انہیں نقل و حرکت ، اظہار رائے کی آزادی دے،21 مارچ کو دبئی اجلاس میں ان کی واپسی کی تاریخ اور شہر کا فیصلہ کیا جائے گا، پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی میں کسی نے معاونت کی نہ واپسی میں کسی کا کردار ہے،وہ نگران حکومت سے پہلے وطن میں ہوں گے،پریس کانفرنس

پیر 19 مارچ 2018 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین سید پرویز مشرف جلد پاکستان آ کر عدالتوں کا سامنا کریں گے اور عوام کے پاس بھی جائیں گے،حکومت فول پروف سیکورٹی یقینی بنائے اور انہیں نقل و حرکت ، اظہار رائے کی آزادی دے۔ نواز شریف عدلیہ اور فوج کو بدنام کر نے کی بجائے اپیل میں جائیں ، پرویز مشرف ملکی اداروں کی بجائے وطن دشمنوں کو للکاریں گے۔

21 مارچ کو دبئی اجلاس میں ان کی واپسی کی تاریخ اور شہر کا فیصلہ کیا جائے گا، پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی میں کسی نے معاونت کی نہ واپسی میں کسی کا کردار ہے ، وہ نگران حکومت سے پہلے وطن میں ہوں گے۔ پرویز مشرف کسی ایک جماعت کے نمائندے نہیں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

واپسی پر شاندار استقبال کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلطان یوسف باچا نے پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کے سینکڑوں سیاسی ساتھیوں سمیت آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں اے پی ایم ایل خیبر پختونخوا کے صدر اورنگزیب خان مہمند ، پارٹی کے انسانی حقوق ونگ کے مرکزی صدر صاحبزادہ ریاض خان ، ڈاکٹر عبدالکریم ، میر عالم خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پرویز مشرف صحیح معنوں میں پاکستان کے قائد ہیں جنہوں نے اپنے دور میں ملک و قوم کو خوشحال کیا اور بے پناہ ترقی دی۔ بعد میں آنیوالی دونوں حکومتوں نے عوام کے پیسے پر ڈاکہ ڈالا اور باہر جائیدادیں بنائیں۔ سید پرویز مشرف پر آج تک کرپشن کا کوئی ایک الزام بھی نہیں لگا سکا۔ پاکستان کو اس وقت بھی پرویز مشرف جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو مسائل سے نکالنے اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی جرات رکھتے ہیں۔

مشرف دور میں پاکستان پر قرضے کم ہوئے ، بعد کی حکومتوں نے قرضہ 36 ارب سے 80 ارب تک پہنچا دیا۔ ملک سے کرپٹ اور لٹیرے بھاگ گئے تو یہ پیسہ کون دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے چیئرمین سینٹ منتخب ہونے کے بعد بلوچ عوام کا احساس محروم ختم ہوا ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ نواز شریف نااہل ہونے کے بعد جلسوں میں عدلیہ اور فوج کو بدنام کر کے عوام کو بھڑکا رہے ہیں۔

اگر ان کا کوئی قصور نہیں تو فیصلے کے خلاف اپیل کریں ، ملکی اداروں کو بدنام نہ کریں۔ پرویز مشرف پہلے بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ، اب بھی ہوں گے۔ حکومت ان کی فول پروف سیکورٹی کا انتظام کرے۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین سید پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو پاکستان عوامی اتحاد کا اجلاس ہو گا جس کے بعد 21 مارچ کو دبئی میں پارٹی قائد کے ساتھ میٹنگ میں ان کی وطن واپسی کی تاریخ اور شہر کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پرویز مشرف ضرور وطن واپس آئیں گے اور پاکستان عوامی اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے عوام کے پاس بھی جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی میں کسی نے معاونت کی نہ واپسی میں کسی کا کردار ہے گزشتہ بارجب پرویز مشرف پاکستان آئے تو سندھ ہائی کورٹ نے تین مقدمات میں ان کی راہداری ضمانت منظور کی اور شرط رکھی کہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے تک ان کا نام ای سی ایل میں رہے گا۔

بعد میں پرویز مشرف عدالتوں حتیٰ کہ مجسٹریٹ کے سامنے بھی پیش ہوئے ۔بعدازاں سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نکال دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ یہ حکومت کی مرضی ہے۔عدالت نے اپنی مرضی سے فیصلہ دیا اور حکومت نے اپنی مرضی سے انہیں باہر جانے کی اجازت دی تھی ۔پریس کانفرنس کے دوران اے پی ایم ایل کے صدر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنیوالے خیبر پختونخوا کے سیاسی رہنمائوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اوروزارت دفاع کو پرویز مشرف کی سیکورٹی کے لئے خط لکھا ہے ۔ پچھلی بار جب پرویز مشرف پاکستان آئے تو رینجرز نے سیکورٹی کے فرائض انجام دئیے جو وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلی کی مدت 2 جون تک ہے ، پرویز مشرف نگران حکومت سے پہلے پاکستان میں ہوں گے۔امریکہ میں ریڑھ کی ہڈی کے علاج کے بعد اب وہ تندرست ہیں۔ کیا کوئی بیمار شخص شادی بیاہ ، نجی محافل یا میچ نہیں دیکھ سکتا ، پرویز مشرف پر تنقید بلا جواز ہے۔