زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے سلسلہ میں طلباء وطالبات میں 267لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے

وفاقی حکومت یونیورسٹی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری سمیت نچلی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے سستے مواقع پیدا کرنے کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹرمیں نئی یونیورسٹی یا پہلے سے موجود جامعات کے سب کیمپس قائم کر رہی ہے،عابدشیرعلی کاخطاب

پیر 19 مارچ 2018 21:43

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے سلسلہ میں ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے سلسلہ میں پی ایچ ڈی کے زیرتعلیم طلباء وطالبات میں 267لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ نیو سینٹ ہال میں منعقدہونے والی تقریب میں وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی ‘ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر‘ رکن پنجاب اسمبلی میاں طاہر جمیل اور ڈائریکٹر جنرل ریجنل سینٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن نذیر حسین نے میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر نوجوانوں کی پذیرائی کرتے ہوئے ان میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت صلاحیت کی بنیاد پر نہ صرف نوجوانوں میں ہزاروں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہی ہے بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرنگرانی پورے صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر اڑھائی لاکھ اساتذہ کی شفاف بھرتی کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو انمول ہیروں سے تعبیر کرتے ہوئے انہیں ملک کے تابناک مستقبل کے نقیب قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2013ء میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سے اب تک زرعی یونیورسٹی کے ساڑھے چودہ ہزار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ آخری مرحلے میں پاکستان میں قائم مینوفیکچرنگ پلانٹ پر تیار کئے گئے 6128لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ دنیا کے نامور اور معتبر اداروں کے ساتھ پیشہ وارانہ نیٹ ورکنگ کا حصہ بنیں تاکہ گریجوایٹ ہونے والے باصلاحیت طلبہ کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔

پاکستان میں پھل اور سبزیوں کی تیاری میں کیمیکلزکے بڑھتے ہوئے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ نامیاتی زراعت کیلئے بھی اقدامات بروئے کارلانے چاہئیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں لیپ ٹاپ حاصل کرنیوالے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت یونیورسٹی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری سمیت نچلی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے سستے مواقع پیدا کرنے کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹرمیں نئی یونیورسٹی یا پہلے سے موجود جامعات کے سب کیمپس قائم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی معاونت سے 1350ملین روپے کی لاگت سے یونیورسٹی میں ہزار طلبہ کیلئے ہاسٹل کے ساتھ ساتھ کثیر المنازل آئی سی ٹی بلڈنگ‘ ڈیجیٹل لائبریری اور سٹوڈنٹ سروس سنٹر کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ 250ملین روپے سے پورے کیمپس میں آئی سی ٹی انفراسٹرکچرکی بنیاد ڈال دی گئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پورے کیمپس میں انٹرنیٹ کی10-Gسروسز کا آغاز کر دیاگیاہے جس سے یونیورسٹی سمارٹ کیمپس کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

انہوں نے اعلی تعلیماتی کمیشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ تین برس قبل لیپ ٹاپ حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ کو مزید آگے بڑھانے کیلئے دوبارہ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی راہ ہموار کی جائے کیونکہ کمیشن ہی کی پالیسی کے مطابق لیپ ٹاپ تین سال کے بعد متوقع نتائج دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ہائرایجوکیشن کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل نذیر حسین نے کہاکہ کمیشن کی وساطت سے نوجوانوں کو 10ہزار سے زائد الیکٹرانک بکس اور ہزاروں تحقیقی جرائد تک رسائی حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان میں موجود مینوفیکچرنگ پلانٹ سے تیار کردہ لیپ ٹاپس فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی کوریا میں 90فیصد سے زائد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی حاصل ہے جس کے مقابلہ میں پاکستا ن میں صرف 9فیصد طلبہ ہی اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں سے مستفید ہوپاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں جب اقوام قدرتی وسائل پر بھروسہ کرکے ترقی کرتی تھیں آج تو ایسی باصلاحیت افرادی قوت کی قدرکی جاتی ہے جو تعلیم کی بنیاد پر معیشت کے خدوخال سنوار سکے۔ تقریب سے ڈائریکٹر فنانشل ایڈ و یونیورسٹی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت نے بھی خطاب کیا۔