اے این پی مشکلات اور مصائب کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی، اسفندیار ولی خان

پارٹی یا ذیلی تنظیم کا کوئی فرد یا افراد اپنے ذاتی مؤقف کو پارٹی پالیسی سے منسوب نہیں کر سکتا،صدرعوامی نیشنل پارٹی

پیر 19 مارچ 2018 21:39

اے این پی مشکلات اور مصائب کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی، اسفندیار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملکی و بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف روز اول سے ہی واضح ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ مختلف ادوار میں مشکلات اور مصائب کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی ، اپنے ایک بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پارٹی کا ملکی مسائل پر واضح مؤقف اس بات کی دلیل ہے کہ اے این پی پختونوں کی مقبول ترین جماعت اور مؤثر سیاسی قوت ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی جڑیں روز بروز عوام میں مضبوط ہوتی جا رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ پارٹی کے آئین اور پالیسی کی پابندی نہ صرف ضروری بلکہ ایک لازم جزو ہے لہٰذا پارٹی یا ذیلی تنظیم کا کوئی فرد یا افراد چاہے کسی بھی عہدے پر ہو ں یا کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو ، اپنے ذاتی مؤقف کو پارٹی پالیسی سے منسوب نہیں کر سکتا بلکہ اس کا مؤقف پارٹی آئین اور پالیسی کی ضد میں تصور ہو گا اور پارٹی اُن کے خلاف تادیبی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی پختونوں کے مسائل اور مشکلات مہذب ،جمہوری اور پارلیمانی طرز سیاست میں حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی،اور پختونوں کے حقوق کی ہر فورم پر وکالت کرتی رہے گی،انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی آئین کے مطابق پارٹی اور ذیلی تنظیم کا کوئی بھی رکن کسی دوسری تنظیم یا پارٹی کا ورکر نہیں بن سکتا اور نہ ہی کسی تنظیم یا پارٹی کی سرگرمیوں میں پارٹی کی اجازت کے بغیر شرکت کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :