ہزارہ یونیورسٹی میں حیات طیبہؐ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد

آپؐ نے اپنی حیات طیبہ رہنما اور استاد کی حیثیت سے بسر کی جس میں تمام بنی نوع انسان کو ایثار کا درس دیا، ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی

پیر 19 مارچ 2018 21:37

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے اسلامک اینڈ ریلیجس سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام حیات طیبہؐ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے ایک روزہ سیمینار کیا انعقاد کیا گیا۔ ’’سیرت النبیؐ کی عصری معنویت‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ ریسرچ سکالر، سیرت نگار اور شعبہ اسلامی علوم علی گڑھ یونیورسٹی بھارت کے سابق پروفیسر ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی تھے۔

ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ کی حیات طیبہ تحمل، اخلاق، رواداری اور حسن سلوک کا مجسم پیکر تھی اور انہی اوصاف کی بدولت آپ بعثت مبارک سے قبل ہی تمام عالم عرب میں صادق اور امین مشہور ہو چکے تھے، آپؐ نے اپنی حیات طیبہ ایک رہنما اور استاد کی حیثیت سے بسر کی اور تمام بنی نوع انسان کو غم خواری اور ایثار کا درس دیا تاکہ زمانہ جاہلیت سے جاری خون ریزی، جنگ و جدال اور انسانوں کو ایک دوسرے کو ایذا پہنچانے کا خاتمہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج اسلامی دنیا جن مصائب اور مشکلات میں مبتلاء ہے اس کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یگانت اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور نبیؐ کے سکھائے گئے اطوار و اسباق کو اپنے اوپر لاگو کرتے ہوئے باقی دنیا کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھائیں تاکہ دین کا آفاقی نظام دنیا کے کونے کونے تک پہنچے۔ ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی نے مزید کہا کہ آج مسلمانوں کو جو چیلنجز درپیش ہیں وہ حضورؐ کے احکامات کو اپنی زندگیوں پر لاگو کرنے سے ختم ہوں گے اور اس سے نہ صرف ہم اس دنیا میں کامیاب ہوں گے بلکہ آخرت میں بھی سرخرو رہیں گے۔

چیئرمین اسلامک اینڈ ریلیجس سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی کی یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہزارہ یو نیورسٹی میں موجودگی ہمارے لئے باعث عزت ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج ڈاکٹر یاسین صدیقی جیسی شخصیت ہمارے ساتھ ہیں اور سیرت طیبہؐ کے مختلف پہلوئوں پر ہمیں سیر حاصل معلومات دے رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے اساتذہ، سکالرز اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :