لاہور،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی ہدایت پر غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ پینٹ کیخلاف بھی گھیرا تنگ

پی ایس کیو سی اے نے پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ رکھنے والی غیر رجسٹرڈ فیکٹریا ں سیل کردیں

پیر 19 مارچ 2018 21:29

لاہور،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی ہدایت پر غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پر غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ پینٹ (رنگ روغن )برانڈز کیخلاف بھی گھیرا تنگ، پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے )نے پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ رکھنے والی پینٹ (رنگ روغن)بنانے والی تین غیر رجسٹرڈ فیکٹریا ں سیل کردیں۔

جبکہ متعدد ہارڈوئیر سٹورز کو غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا سٹاک رکھنے پر وارننگ نوٹس جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پرڈی جی پی ایس کیو سی اے انجنیئر خالد صدیق نے پینٹ (رنگ روغن)بنا نے والی غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈکمپنیوں کیخلاف آپریشن کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

جس پر پی ایس کیو سی اے کی خصوصی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں گریس پینٹ، ایوبیہ پینٹس اور گیلیکسی 99پینٹ کے پروڈکشن یونٹ سیل کر دیئے۔

بھاری مقدار میں تیار سٹاک بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔ان فیکٹریوں میں حفاظتی انتظامات اپنائے بغیر غیر معیاری رنگ و روغن تیار کیا جارہا تھا۔تینوں فیکٹریاں پی ایس کیو سی اے کے لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر کام کررہی تھیں۔ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی انجنئیر خالد صدیق کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اور بغیر لائسنس کام کرنیوالی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی غیررجسٹرڈ اور غیر قانونی کام کرنیوالی فیکٹریوں کو سیل کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں اور ان کو موقع پر سیل کر دیا جائیگا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پاکستان سٹینڈرڈ مارک کا غیر قانونی استعمال کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام غیر قانونی طور پر کام کرنیوالی کمپنیوں کا ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے اور ایک ایک کر کے تمام کا صفایا کر دیا جائیگا

متعلقہ عنوان :