وزیراعلیٰ کی رائیونڈ دھماکے میں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائشگاہ آمد، شہید کے ورثاء سے ملاقات

وزیراعلیٰ نے شہید کے ورثاء کو سوا کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا،مفت گھر اور بیٹوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان

پیر 19 مارچ 2018 21:22

وزیراعلیٰ کی رائیونڈ دھماکے میں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر محمد اسلم ..
لاہور۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف رائیونڈ دھماکے میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائش گاہ لکھووال گاؤں گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین، بیوہ ،بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد شہید محمداسلم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ کو سوا کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا اور اہل خانہ کیلئے مفت گھر دینے اور بیٹوں کو ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید محمد اسلم کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ شہید کے بچے اوربچیاںجتنا بھی پڑھنا چاہیںگے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ شہید کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی اوراہل خانہ کو شہید کی تنخواہ باقاعدگی سے ملتی رہے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کے ایک بیٹے کو پولیس میں بھرتی کیاجائے گا جبکہ دوسرے بیٹے کو اس کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین ،بیوہ اوربچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کے ہیرو اور محسن ہیںاورآپ کے اہل خانہ کی ہرممکن دیکھ بھال ہمارا فرض ہے جو ہم احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ شہید محمد اسلم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور قوم یہ عظیم قربانی کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہمارا افتخار ہیں اور ہمیں اپنے بچوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیںاور شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورآپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔قوم اپنے ایک ایک شہید کے خون کے قطرے کا حساب لے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :