پی ٹی آئی کا یوم پاکستان پر 23مارچ کو لاہور میں لبرٹی سے چیئرنگ کراس ریلی نکالنے کا فیصلہ

شریفوں کی سیاست کا محور کرپشن اور نواز لیگ کا منشور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں‘تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان

پیر 19 مارچ 2018 20:59

پی ٹی آئی کا یوم پاکستان پر 23مارچ کو لاہور میں لبرٹی سے چیئرنگ کراس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شریفوں کی سیاست کا محور کرپشن اور نواز لیگ کا منشور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں،عوام کوپرکشش نعروں کا جھانسہ دیکر ملک کی جڑیں کمزور کرنے والے اپنی ساکھ بحال ہونے کی امید نہ رکھیں،ووٹوں کیلئے سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ کا تو عدالت نے بھی پول کھول دیاہے اب لاہور میں اپنا ووٹ بینک بچانے کیلئے ارکان اسمبلی کو کروڑوں کے فنڈز تقسیم کرکے وفاداریاں خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے ، عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ شیخوپورہ ،گجرانوالہ،قصور،سیالکوٹ اور نارووال کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اپنی21سالہ سیاسی جدوجہد کوہر قیمت پر ثمر آور بنائے گی تاکہ ملک کو کرپشن فری سوسائٹی بنا کر عوام کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا جا سکے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ21مارچ کو عمران خان گجرانوالہ کا تنظیمی دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف جگہوں پر چن دا قلعہ ، شیرانوالہ باغ،شاہین آباد اور لدھیوالہ وڑائچ میں پارٹی ممبر شپ مہم کے حوالے سے پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے ،انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے یوم پاکستان کے موقع پر 23مارچ کو لبرٹی سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک کو مضبوط اور عظیم بنانے کے عزم کی تجدید نو ہو سکے ،عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں شیخوپورہ سے میاں خالد ، سعید ورک ، عمر آفتاب ڈھلوں ،سید گل آغا اور شیر اکبر خان ،قصور سے امجد طفیل اور سردار راشد طفیل ، سیالکوٹ سے بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن،نارووال سے ابرار الحق ، عارف خان ، وکیل منج اور عرفان بٹ اور لاہور سے ایم پی اے شعیب صدیقی ،میاں افتخار اور فرخ جاوید مون شامل تھے جبکہ پی ٹی آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری اور عبدالعلیم خان کی بھی چیئرمین سیکرٹریٹ میں خصوصی ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی و دیگر امو ر پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقیاتی سکیموں کے 128کروڑ روپے لاہور اور فیصل آباد کے ارکان اسمبلی کے سفارشی منصوبوں پر لگائے جارہے ہیں،نئی کرپشن کرنے سے پہلے نادم اعلی شہباز شریف پہلے گزشتہ کھاتوں کا حساب تو دے لیں، پشاور میں میٹروٹرین پر الزامات لگانے والے عابد شیر علی پہلے اپنا دامن تو جھاڑلیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں عوام کو خوار کرنے والے کس منہ سے دوبارہ موقع دینے کی بات کرتے ہیں،کوئی اور ملک ہوتا تو کرپشن کیسز کے انبار تلے دبے لوگ استعفے دیکر قوم سے زندگی کی بھیک مانگتے،شریف خاندان اب بھی پارسائی کا دعوے کرتے ہوئے لوگوں کو ترقی کے جھوٹے خواب دکھانے میں مصروف ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر عوام کے بنیادی حقوق کو ان کی دہلیز تک پہنچائے اور نئے پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔