Live Updates

وزیرصحت کا قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ عارضی ہسپتال کا دورہ

خواجہ عمران نذیر نے پی ایس ایل کے میچوں کے دوران عوام کو میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے سہولیات کا جائزہ لیا

پیر 19 مارچ 2018 20:56

وزیرصحت کا قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ عارضی ہسپتال کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے پاکستان سپرلیگ کے میچوں کے موقع پر لوگوںکو میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے زیراہتمام لاہور جنرل ہسپتال کی جانب سے قائم کئے گئے 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال کا سوموار کے روز دورہ کیا۔ یہ ہسپتال نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قائم کیا گیا ہے۔

وزیرصحت کے ہمراہ لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر یداللہ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ایل جی ایچ ڈاکٹر اسلام ظفر، محکمہ صحت کے افسران اور ریسکیو1122 کے اہلکار بھی موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے عارضی ہسپتال کے آپریشن تھیٹر، وارڈ، فارمیسی اور بلڈبنک کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرصحت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سپرلیگ کے میچوں کے دوران سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ شائقین اور ڈیوٹی دینے والے ملازمین و دیگر سٹاف کو میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے بھی معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ عارضی ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، فارمیسی اور بلڈ بنک بھی قائم کیا گیا ہے جس میں تمام گروپس کے بلڈ بیگز وافر تعداد میں دستیاب ہیں اور ادویات کا سٹاک بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ریسکیو1122 کی 8 ایمبولینس اور 20موٹرسائیکل ایمبولینس بھی تعینات کی گئی ہیں اور وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر 2موبائل ہیلتھ یونٹس بھی میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے قذافی سٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔

اس کے علاوہ مقامی ہوٹل میں بھی 6بستروں پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال بنایا گیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ عارضی ہسپتال میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز، نرسز و دیگر سٹاک کا پورا خیال رکھا جائے اور انہیں ڈیوٹی کے دوران سرکاری طور پر کھانا بھی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی قومی ذمہ داری اور خوش اسلوبی سے ادا کریں۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئندہے جسے کامیاب بنانے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :