گورنر سندھ سے چیف ایگزیکٹو بوسنیا بینک انٹرنیشنل کی ملاقات

پاک بوسنیا اقتصادی تعاون میں اضافہ ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا پاک بوسنیا دو طرفہ تعلقات مشترکہ مفادات ، عصر ی ضروریات ، دوطرفہ عوامی فلاح وبہبود کے ضمن میں سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ اور باہمی احترام کی بنیاد پر مزید مستحکم ہو رہے ہیں، محمد زبیر

پیر 19 مارچ 2018 20:50

گورنر سندھ سے چیف ایگزیکٹو بوسنیا بینک انٹرنیشنل کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے بوسنیا بینک انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر بکوچ ( Bukvic Amir ) نے گورنر ہائوس میںملاقات کی ۔ ملاقات میںپاک بوسنیا اقتصادی تعاون میں اضافہ ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک بوسنیا دو طرفہ تعلقات مشترکہ مفادات ، عصر ی ضروریات ، دوطرفہ عوامی فلاح وبہبود کے ضمن میں سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ اور باہمی احترام کی بنیاد پر مزید مستحکم ہو رہے ہیں ،تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات، نئی تجارتی راہداریوں و عالمی تجارتی منڈیوں کی تشکیل سے پاک بوسنیا دو طرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں بینکاری کا شعبہ دوطرفہ مفادات کے تحفظ ،تعلقات کے فروغ اور عوامی فلاح وبہبود کے ضمن میں اٹھائے جانے والے مشترکہ اقدامات میں اہم ثابت ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لازوال قربانیاں دینے والے بوسنیا کے غیور عوام نے عالمی سطح پر ثابت کردیا کہ بوسنیا کے بہادر عوام اپنی روایات ، مذہبی رسومات کی آزادانہ ادائیگی اور اپنی مرضی سے زندگی گذارنے کے لئے ہر سطح کی قربانیاں دینے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیںیہ ایک نا قابل فراموش جذبہ ہے جس کی آزادی پسند اقوام بے پناہ قدر کرتی ہے ، آزاد ریاست کے حصول کے لئے ہند کے مسلمانوں نے بھی لازوال جانی و مالی قربانیاں دینے کی ایک نئی تاریخ رقم کی یہی وجہ ہے پاکستانی بوسنیا عوام کے جذبہ کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتے ہیں ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی بھرپور استعداد کا حامل شہر ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور کم اجرت افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل حیثیت رکھتی ہے ،شہر میں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی ملکی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے، ماضی میں شہر کے حالات انتہائی خراب تھے لیکن 2013 ء اور آج کے حالات میں واضح فرق ہے، کراچی ایک بار پھر ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بن گیا ہے رات گئے شہر میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، کاروباری ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، آج شہر پر امن اور طلب کے مطابق توانائی کے باعث معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے ، بوسنیا کے سرمایہ کار ، تاجر ، بینکار اور دیگر معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کریں اس ضمن میں حکومت انھیں ہر ممکن مدد اور سیکورٹی فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، مستقبل کے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نبر دآزما ہوا جاسکتا ہے ،دوطرفہ عوامی مفاد کے تحت اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ملاقات میں عامر بکوچ نے گورنر سندھ کو اپنے بنک کی کارکردگی ، فعالیت اور پاک بوسنیا دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے مشترکہ بینکاری کی ضرورت سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا قابل اعتماد دوست ہے،کراچی کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کے لئے بوسنیا کے تجارتی وفود یہاں کا جلد دورہ کریں گے جبکہ بنکاری کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے ضمن میں مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اہم ثابت ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :