معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے ،مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل

حکومت نے صنعتوں اور چھوٹے کاروبارکے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں، مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کوفروغ دیاجارہا ہے ،خطاب

پیر 19 مارچ 2018 20:47

معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے ،مشیر خزانہ مفتاح ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء)مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے اور موجودہ حکومت جی ڈی پی کی شرح آٹھ سے دس فی صد تک لے جانے کیلئے کوشاں ہے۔کراچی میں ورلڈ اسلامک فنانس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں اور چھوٹے کاروبارکے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں، مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کوفروغ دیاجارہا ہے اور مقامی صنعتوں کو بھی اسلامک فنانس کی طرف لارہے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے ،معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے اور موجودہ حکومت جی ڈی پی کی شرح آٹھ سے دس فی صد تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے، ٹیکسوں کی شرح کم کرکے دائرہ کارکووسیع کیا گیا ہے، ٹیکس نظام کوعوام دوست بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں محصولات کی شرح وصولی میں نمایاں بہتری آئی، ملک کی بہترصورت حال کی وجہ سے معاشی اہداف حاصل کرنا مشکل نہیں رہا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ صنعتوں کومکمل طور پر گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے، موجودہ دور میں 10 سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی۔انہوںنے کہاکہ امن امان کی صورت حال کا معیشت سے گہرا تعلق ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں امن امان بحال ہوچکا اور امن کی وجہ سے کراچی میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔۔