پانچ باریاں لینے کے باوجود بھی ملک کے مسائل جوں کے توں ہیں،عمران خان

یہاں سب سے زیادہ خراب پولیس سندھ اور پنجاب کی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ پولیس کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے، ٹرانسپورٹرز سے خطاب

پیر 19 مارچ 2018 20:30

پانچ باریاں لینے کے باوجود بھی ملک کے مسائل جوں کے توں ہیں،عمران خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بیس سال سے شریف برادران ملک پر قابض ہیں۔ پانچ باریاں لینے کے باوجود بھی ملک کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ یہاں سب سے زیادہ خراب پولیس سندھ اور پنجاب کی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ پولیس کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ہم ٹرانسپورٹرزکے مسائل کا حل پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے میرا اکثر رابطہ رہتا ہے۔ آپ لوگوں کے بہت سے مسائل ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں اگر ٹرانسپورٹرز کو کوئی مشکلات پیش آئیں تو براہِ راست آئی جی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیس سال تک ن لیگ اور پی پی پی نے اپنی اپنی باری ضرور پوری کی لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کیے۔

جب کسی ملک کی قیادت بدعنوان ہوتی ہے تو پولیس درست نہیں ہوسکتی۔ جب بدعنوانی ہوتی ہے تو ملک نیچے سے اوپر نہیں جاتا بلکہ مزید نیچے آتا ہے۔ دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں عمران خان آپ کا کپتان ہوگا اور ہم مل کر بدعنوان مافیا کو شکست دیں گے۔ کرپشن اور موجودہ حکمران ملک کے لیے کینسر ہیں جو اس کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ زرداری اور نواز شریف کے آنے سے پہلے ہر پاکستانی پر تیس ہزار کا قرضہ تھا۔

ان کے آنے کے بعد ایک لاکھ بڑ ھ گیا۔ ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔ جو پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں، وہ عوام پر خرچ ہوگاتو قوم کھڑی ہوجائے گی۔ یہ لوگ پیسہ چوری کرتے ہیں اور ملک کو مقروض کردیتے ہیں۔ قوم غریب اور چور لوگ امیر ہوتے جا رہے ہیں۔ ’’کیوں نکالا‘‘ والے کو چوری کرنے پر نکالا گیا۔ اس موقعے پر چیئرمین آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل سننے کے لیے یہاں تشریف لائے۔

تمام ٹرانسپورٹرز روڈ نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ہماری اپنی پولیس ہمیں پریشان کرتی ہے۔ تمام ٹرانسپورٹرز آپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ ہم آپ کو اگلا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں خیبرپختونخواہ کی پولیس سے کوئی پریشانی نہیں۔ ہمیں خیبر پختونخواہ جیسی پولیس پورے ملک میں چاہئے۔ یہاں ہمارے ٹیکس سے پیسہ لینے والی پولیس ہمیں ہی پریشان کرتی ہے۔ ہماری گاڑیاں روک کر ان سے رشوت مانگی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :