وزیر اعلیٰ پنجاب نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے جھوٹے اور کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات کیے ہیں

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد کا ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

پیر 19 مارچ 2018 20:24

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ..
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے جھوٹے اور کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر( ڈی سی) اٹک رانا اکبر حیات ، چیئرمین میونسپل کمیٹی بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ ، ضلعی سنیئر نائب صدرمسلم لیگ(ن) اٹک محمد سلیم شہزاد کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ہے،اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چوہدری نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی کام بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ان کاموں کو مقرر ہ مدت میں پورا کرلیا جائے گا،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی بلڈنگزکے تحت41 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیںجن پر1366.366ملین روپے لاگت آئے گی، اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوںکی بحالی اور مرمت کی 38 سکیمیں جاری ہیں جن پر 6348.530ملین روپے لاگت آئے گی، پبلک ہیلتھ0 3سکیمیں جاری ہیں جن پر 1772.416ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ کی 08سکیموں پر 240.184ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے، وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت467سکیموں پر 1300ملین روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں انقلابی ترقیاتی پروگرام جاری ہیں اور ان پروگراموں میں صف اول میڈیکل کالج کا قیام ہے ، انہوں نے کہا کہ اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے 1500کنال زمین کے حصول کے لیے کوشش کی جارہی ہے جو بہت جلد حاصل کرلی جائے گی اور محکمہ صحت اٹک نے ان کی ہدایات کی روشنی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور یہ کالج موجودہ حکومت کی طرف سے عوام الناس کے لیے تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پرکہا کہ میڈیکل کالج کے قیام کے بعد اٹک کی عوام کے لیے کینسر ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوںنے اس موقع پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں ، اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں اور اس سلسلے میں اپنے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی مقامی قیادت کو بھی یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے دیگر ترقیاتی کام بھی ضلع بھر میں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :