ْجامعہ سندھ جامشورو کے پی سی بی گرائونڈ میں انٹر ڈیپارٹمنٹ (بوائز) چیمپیئن شپ شروع ہو گئی

پیر 19 مارچ 2018 20:24

ْجامعہ سندھ جامشورو کے پی سی بی گرائونڈ میں انٹر ڈیپارٹمنٹ (بوائز) چیمپیئن ..
حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) جامعہ سندھ جامشورو کے پی سی بی گرائونڈ میں انٹر ڈیپارٹمنٹ (بوائز) چیمپیئن شپ شروع ہو گئی ہے ۔گزشتہ روز شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شاٹ کھیل کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ جامعہ سندھ میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو بھی بھرپور فروغ دلایا جا رہا ہے تاکہ یہاں زیر تعلیم بچوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے حوالے سے بھی اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تعمیر میں کھیلوں کی کلیدی اہمیت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کھیل کے ذریعے جو جسمانی چستی حاصل ہوتی ہے، وہ ذہن پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، جس سے صلاحیتوں اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء و طالبات تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی خود کو منوا رہے ہیں اور جامعہ کے اندر اور ملک مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرکے میڈل حاصل کر رہے ہیں اور اپنے نام کے ساتھ جامعہ کا نام بھی روشن کر رہے ہیں اس موقع پر گرائونڈ کے اندر 100میٹر کی دوڑ کا دلچسپ مقابلہ بھی ہوا، جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر برفت سمیت سندھ یونیورسٹی ٹھٹھ کیمپس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی ،مختلف تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان ، سینیئر اساتذہ اور افسران نے حصہ لیا اس سے قبل جامعہ سندھ کے اسپورٹس بورڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر محمود الحسن مغل نے شریک مہمانوں کو خوش آمدید کہا اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس (بوائز) اجوید احمد بھٹی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کھیلوں کے معاملے میں مکمل تعاون اور حوصلہ افزائی کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کھیلوں کے مقابلوں اور اس میں حصہ لینے جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں کی ٹیموں کی تفصیلات بیان کیں افتتاحی تقریب میں اساتذہ، افسران، ملازمین ، طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی یاد رہے کہ تین ہفتوں تک جاری رہنے والی انٹر ڈیپارٹمنٹ (بوائز) چیمپیئن شپ 2018ء میں کرکیٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس اور رساکشی کے مقابلے منعقد ہونگے، جس میں جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں کے طلباء حصہ لیں گے۔