پی ایس ایل میچز ، سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا

شائقین کیلئے چار پارکنگ پوائنٹس مختص ،پارکنگ پوائنٹس میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایل پی جی اور گیس سلنڈر والی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا گاڑی میں موجود تمام افراد کے پاس شناختی کار ڈ اور میچ کے ٹکٹس ہونا لازمی ،شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا سے مفت شٹل سروس کا انتظام

پیر 19 مارچ 2018 20:14

پی ایس ایل میچز ، سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ پلے آف میچز کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے عوامی سہولت کے پیش نظر اورٹریفک کی موثر روانی کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ۔سٹی ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کینال روڈ ، مال روڈ ، جیل روڈ ایم ایم عالم ،فردوس مارکیٹ ، حسین چوک ، منی مارکیٹ ،مین بلیوارڈ ، صدیق ٹریڈ سنٹر،فردوس مارکیٹ ، سنٹر پوائنٹ ،کلمہ چوک سے برکت مارکیٹ ،فوارہ نمبر 01صدیق ٹریڈ سنٹر ، پل نہر جیل روڈ تا قرطبہ چوک اورفیروز پورروڈ براستہ وحدت روڈ سے ٹریفک کیلئے کھلا ہوگا ۔

قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ شاہراہوں کا استعمال کرنے والے راہگیر متبادل راستے اختیار کریں۔میچز کے دوران شہریوں اور شائقین کی رہنمائی کے لیے اضافی وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شائقین کے لیے چار پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔مال روڈ ، ٹھوکر نیاز بیگ، اچھرہ ، وحدت روڈ والی ٹریفک براستہ پل نہر کیمپس پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز گرائونڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے ، کاہنہ ، کوٹ لکھپت اور فیروز پور روڈ والی ٹریفک براستہ قینچی ، والٹن روڈ ، کیولری ، جناح فلائی اوور ، فردوس مارکیٹ ، حسین چوک سے لبرٹی مارکیٹ میںگاڑیاں پارک کرینگے ،واپڈا ٹائون ، گارڈن ٹائون ، جوہر ٹائون ، اور ٹائون شپ سے آنے والی ٹریفک براستہ فیصل ٹائون برکت مارکیٹ ، کلمہ چوک انڈر پاس سے جام شیریں پارک میں گاڑیاں پارک کرینگے اورکینٹ اور گلبرگ کی ٹریفک سن فورٹ ہوٹل کے پیچھے ایل ڈی اے پارکنگ پلازہ میں گاڑیاں پارک کریں گے ۔

پارکنگ پوائنٹس میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایل پی جی اور گیس سلنڈر والی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگااورگاڑی میں موجود تمام افراد کے پاس شناختی کار ڈ اور میچ کے ٹکٹس ہونا لازمی ہے ،قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور رش سے بچنے کیلئے میٹر و بس کا استعمال کریں ۔شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا سے مفت شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے ۔

وہ شہری جن کے پاس سعید انور ، سرفراز نواز ، سعید احمد ، جاوید میانداد ،عمران خان ، انکلوژرز کے ٹکٹس ہیں وہ لبرٹی پارکنگ کو استعمال کرتے ہوئے قذافی گیٹ سے داخل ہونگے اورشہری جن کے پاس راجہ ، عبدالقادر ،ماجد خان ، اے ایچ کاردار ، فضل محمود انکلوژر ز کے ٹکٹس ہیں وہ پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز گرائونڈ پارکنگ کو استعمال کرتے ہوئے فیروز پورروڈ کے گیٹ سے داخل ہونگے ۔