پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس، کرکٹر شرجیل خان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

پیر 19 مارچ 2018 20:06

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس، کرکٹر شرجیل خان کی درخواست کے قابل سماعت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) اسلا م آباد ہائی کورٹ نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کی جانب سے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔ پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔اس موقع پر شرجیل خان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی سی بی کی جانب سے تفصل رضوی اور وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد محمود عدالت میں پیش یوئے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران فاضل جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ شرجیل خان کے خلاف کیس لاہور میں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار عدالت کو بتائیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ کرکٹ بورڈ کا ہیڈ آفس لاہور میں ہے شرجیل خان کی دائر رٹ پٹیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں قابل سماعت نہیں ہے۔ عدالت نے شرجیل خان کی سزا کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان پر پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبونل نے ڈھائی برس کی معطلی کی سزا سمیت 5 سال کی پابندی عائد کی تھی۔