Live Updates

سینٹ میں اپوزیشن لیڈرکے امیدوار پر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں اختلافات شدت اختیار کرگئے‘دونوں جماعتوں کا اپنے امیدوار دستبردار کرنے سے انکار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 مارچ 2018 18:06

سینٹ میں اپوزیشن لیڈرکے امیدوار پر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 مارچ۔2018ء) چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں متحد امیدوار لانے والی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخابات کے معاملے پر فاصلے بڑھنے لگے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی ہیں۔ تحریک اںصاف کی جانب سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلز پارٹی کو واضح جواب دے دیا گیا اور کسی صورت اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اپوزیشن لیڈر کی امیدوار شیری رحمان سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔اس حوالے سے تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار اعظم سواتی نے دعوی کیا کہ پیپلز پارٹی اپنا امیدوار واپس لے لے گی اور اگر ایسا نہ ہوا تو ہم اپنا گروپ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خود تحریک انصاف سے راستہ جدا کیا ہے کیونکہ ہمیں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اکثریت ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور جماعت اسلامی سے بھی رابطے تیز کردیے گئے۔ واضح رہے کہ 3 مارچ کو سینیٹ کی 52 نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو حکمران جماعت سے کم نشستیں حاصل ہوئی تھی۔

تاہم 12 مارچ کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کے لیے اپوزیشن جماعتیں ایک ہوگئی تھیں اور تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے متحد ہوکر چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے سلیم مانڈوی والا کے ناموں کا اعلان کیا تھا اور یہی دونوں امیدواروں کو کامیابی بھی حاصل ہوئی تھی۔ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بعد ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی پی پی اور پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے تھے جہاں دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات