نیب قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں،کسی کی پرواہ نہیں جو مجھے کرنا ہے کرونگا ،ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا‘ جسٹس (ر) جاوید اقبال

کرپشن دیمک سے آگے نکل چکی، معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ ہم سب کا کام ہے ،ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے قوم کی دولت کسی کو لوٹنے نہیں دینگے،نیب افسران کسی بھی دبائو کو بالائے طاق اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کریں‘چیئرمین نیب کا ایوان اقبال میں تقریب سے خطاب ، نیب لاہور آفس میں ڈی جی نیب کی زیر تفتیش میگا کرپشن کیسز پر اہم پیشرفت پر بریفنگ چیئرمین نیب نے نیب لاہور کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار ،کسی قسم کی رعایت نہ کرنے ، کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹنے کی تاقید

پیر 19 مارچ 2018 19:43

نیب قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں،کسی کی پرواہ نہیں جو مجھے کرنا ہے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں،کسی کی پرواہ نہیں جو مجھے کرنا ہے کروں گا اور ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا ،ملک میں کرپشن دیمک سے آگے نکل چکی، معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہم سب کا کام ہے اور ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے۔

ایوان اقبال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، اگر پاکستان نہیں تو ہم بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پروردگار کی امانت میں خیانت نہیں ہونی چاہیے، انصاف دینا صرف جج کا کام نہیں یا میرا کام نہیں ہے، آپ سب لوگ محنت پاکستان اور ملکی مستقبل کے لیے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

معاشرے سے برائیوں کو ختم کرنا صرف چیئرمین نیب کا کام نہیں، معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہم سب کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ تمام ترجدوجہد پاکستان کیلئے کریں، ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے، میں پوری طرح کوشاں ہوں کہ ملک کی خدمت کروں۔چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن نے اس ملک کی بنیاد کوکمزورکرنا شروع کردیا ہے، لوگ کہتے ہیں کرپشن دیمک ہے لیکن مسئلہ اب آگے نکل گیا ہے۔ کسی خوف، ڈر، سرزنش اور تنبیہہ کی پرواہ نہیں، جو مجھ کرنا ہے کروں گا، ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ نیب قومی ترقی میں حائل ہورہا ہے، نیب کسی بھی قسم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، نیب اپنا کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو ملک کو کرپشن سے پاک کررہا ہے،ہروہ شخص جوایمانداری سے کام کرتاہے نیب اس کی معاونت کیلئے حاضر ہے۔چیئر مین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیاگیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہورشہزاد سلیم صاحب نے انکا استقبال کیا۔

چیئر مین نیب کے دورے کا مقصد نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی اور بلخصوص نیب لاہور میں زیر سماعت میگا کرپشن کیسز میں ہونیوالی حالیہ اہم پیش رفت پر بریفنگ لینا تھی۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم صاحب کیجانب سے نیب لاہور کے افسران کی انتھک محنت کی بناء پرزیر تفتیش کیسز میں ہونیوالی پیش رفت کے طور پر میگا کرپشن کیسز میں حاصل شواہد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب بطور قومی ادارہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کسی حد تک بھی جانے سے گریز نہیں کریگااور اس مقصد کیلئے تمام کرپٹ عناصر سے انتہائی سختی سے پیش آیا جائیگا۔نیب کا قیام اس بات کا استعادہ ہے کہ ملک میں کرپشن و بدعنوانی کو پنپنے نہ دیا جائے۔ڈی جی نیب لاہور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کسی بدعنوان کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعائت نہ برتی جائے، تمام کرپٹ عناصر کو انکے منتقی انجام تک پہنچایا جائے بلکہ لوٹی گئی مکمل رقم کی وصولی اور اسکو قانون کیمطابق قومی خزانے میں لوٹائے جانے کو یقینی بنایا جائے۔

میگا کرپشن کیسز کے حوالے سے چیئر مین نیب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق تمام کیسزکو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بغیر کسی دبائو اور غیر ضروری التواء کے فوری طور پر مکمل کرنے کا کہا گیا۔انہوں نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی پر نہ صرف مکمل اطمینان کا اظہار کیا بلکہ افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مزید لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین بھی کی تاکہ ارض پاک کو کرپٹ عناصر سے نا صرف پاک کیا جائے بلکہ شفاف پاکستان کی بنیاد بھی رکھی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :