پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کمانڈرکویت نیول فورسز بریگیڈیئر جنرل خالد عبداللہ اور کمانڈر کوسٹ گارڈ کمانڈر شیخ مبارک علی یوسف ال صباح سے ملاقاتیں

پیر 19 مارچ 2018 19:43

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کمانڈرکویت نیول فورسز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کویت کے سرکاری دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کمانڈرکویت نیول فورسز بریگیڈیئر جنرل خالد عبداللہ اور کمانڈر کوسٹ گارڈ کمانڈر شیخ مبارک علی یوسف ال صباح سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کویت نیول فورسز کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل خالد عبداللہ سے ملاقات کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ بحری تعاون کے اُمورپر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے سر براہان نے تربیت، تکنیکی افرادی قوت اور مہارتوں کی فراہمی کے شعبوں میں دونوں افواج کے مابین باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

کویت نیوی کو ٹریننگ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے سلسلے میں کویت نیول فورسز کے سر براہ نے پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک بحریہ اور کویت نیوی کے مابین مختلف شعبوں میں قریبی اور مضبوط بحری تعلقات پر زور دیا۔

بریگیڈیئر جنرل خالد عبداللہ نے علاقائی بحری امن اور استحکام کے سلسلے میںمؤثر اور پائیدار اقدامات اُٹھانے پر پاک بحریہ کے کردار اور عزم کو سراہا۔ پاک بحریہ کے سر براہ نے کویت میں پاکستان کے سفیر غلام دستگیر اور مسلح افواج کے سابق عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔پاک بحریہ کے سر براہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون میں مزید مضبوطی اور وسعت کا باعث ہو گا ۔