زین قتل کیس، لاہور ہائیکورٹ نے مصطفی کانجو کی بیرون ملک موجودگی کا ریکارڈ طلب کر لیا

ملزمان کو عدالت پیش کیا جائے آئندہ سماعت پر دلائل سن کر فیصلہ سنا دیا جائیگا،عدالت

پیر 19 مارچ 2018 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے زین قتل کیس کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت لاہور ہائیکورٹ نے مصطفی کانجو کی بیرون ملک موجودگی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود مصطفی کانجو سمیت 4 ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ملزمان کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ملزم قانوس عرف مصطفی کانجو بیرون ملک ہے 3دیگر ملزمان صادق، اکرام اللہ اور آصف الرحمن لکی مروت میں موجود ہیں جنہیں آئندہ سماعت پر پیش کردیا جائے گا، عدالت نے سی سی پی او لاہور امین وینس کو ہدایت کی کہ مصطفی کانجو کی بیرون ملک ٹریول ہسٹری کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان کو عدالت پیش کیا جائے آئندہ سماعت پر دلائل سن کر فیصلہ سنا دیا جائیگا،مصطفی کانجو سمیت دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف حکومت پنجاب نے اپیل دائر کر رکھی ہے،مصطفی کانجو پر ننھے بچے زین کو سرعام فائرنگ کر کے قتل کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج ہے،ٹرائل عدالت نے راضی نامہ ہونے کی بناء پر ملزمان کو بری کر دیاتھا،سپریم کورٹ نے ملزمان کی بریت کے واقعہ کا از خود نوٹس بھی لے رکھا ہے۔