پاکستان میں ہونے والے دو پلے آف اور فائنل میچ کے انعقاد کا مرحلہ کل پشاور زلمی اورکوئٹہ ہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ سے شروع ہوگا،جیتنے والی ٹیم پرسوں کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی

پیر 19 مارچ 2018 17:58

پاکستان میں ہونے والے دو پلے آف اور فائنل میچ کے انعقاد کا مرحلہ کل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) یو اے ای میں پی ایس ایل میچز کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان سپر لیگ تھری اپنے وطن آگئی۔ پاکستان میں ہونے والے دو پلے آف اور ایک فائنکل 20مارچ سے ، قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اورکوئٹہ ہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا ۔جبکہ دوسرا پلے آف میچ کل 21مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا اور 25مارچ کو فائنل میچ کراچی میںہوگا ۔

پشاور زلمی کی ٹیم گزشتہ سال کی چیمپئن تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں شکست کھا گئی تھی۔ لاہور میں آکل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانے والے پہلے پلے آف کی جیتنے والی ٹیم کل21مارچ کو لاہور میں کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی اور اس میں فاتح ہونے والی ٹیم کراچی میں 25مارچ کو ہونے والے فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی جس کا فائنل میں مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہوگا ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے کراچی کنگز کو پلے آف میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی ۔ لاہور میں آج پلے آف میچ کھیلنے والے پشاو زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیم کی جیت کے لئے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں جبکہ وہ میچ کے لئے بھرپور ٹریننگ میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں آج منگل کو ہونے والے پہلے پلے آف میچ کے لئے پی سی بی نے بہترین انتظامات کئے ہیں جبکہ سکیورٹی اداروں نے سٹیڈیم کے اندر باہر دونوں جگہ پر کنٹرول سنبھالا ہوا ہے ۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پاکستان سپر لیگ کے میچزکیلئے سکیورٹی کا جو پلا ن تیار کیا ہے اس کے مطابق۔پی ایس ایل میچز کے دوران سیف سٹیز اتھارٹی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے سٹیڈیم کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کرے گی۔ ٹیموں کے روٹس اورسٹیڈیم پر 300 کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مانیٹرنگ کے لیے 75 پولیس کمیونیکشن آفیسرز پرمشتمل تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پی ایس ایل میچوں کے دوران ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف میں موبائل کمانڈ سنٹر اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے بھی سرویلنس کرے گی۔ اس دوران فیلڈ میں موجود ایس پیزاور ڈی ایس پیز کو ایم ٹی ڈی ہینڈ سیٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ میچوں کے دوران ڈولفن پولیس اور پی آر یو کی گاڑیاں روٹس پر مسلسل نگرانی کریں گی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میچوں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی ہرممکن راہنمائی کرے گی۔ اس ضمن میں تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی میچز کے دوران ٹریفک کے بہترین انتظامات کو حتمی شکل دی ہوئی ہے ۔

سی ٹی او رائے اعجاز احمد کے مطابق لاہور میں آج اورکل ہونے والے پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے لئے شائقین کرکٹ اورشہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، رمل روڈ،جیل روڈ، کینال روڈ،ایم ایم عالم روڈ ٹریفک کیلئے کھلے رہیں گے، رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئی27فوک لفٹر،6بریک ڈانز بھی تعینات ہوں گے ۔گاڑی خراب ہونے کیصورت میں مدد کیلئے موبائل ورکشاپ بھی تعینات،میچ کے دوران ایک ٹریفک مانیٹرنگ روم،کنٹرول روم بھی قائم ہوگا۔

شائقین کرکٹ کوبھر پور جوش و جذبہ سے خوش آمدید کہا جائیگا، شہری پارکنگ اورا سٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک وارڈنزسے رہنمائی لیںگے۔شہری متبادل راستوں کی معلومات حاصل کرنے کیلئے سٹی پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال بھی کر سکتے ہیں۔راستہ ایپ، ٹریفک پولیس ریڈیوFM88.6سے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ کیا جا تا رہے گا۔بم ڈسپوزل یونٹ اور محکمہ ہیلتھ کے حکام کی بھی ڈیوٹیاں لگ چکی ہیں جبکہ سٹیڈیم کی حدود میں عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے ۔۔