حکومت آئندہ چند دنوں تک نئی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرے گی،مفتاح اسماعیل

ملک میں امن قائم کرنے کی وجہ سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے جسے 8 سے 10 فیصد تک لے جانا چاہتے ہیں، مشیر خزانہ کا افتتاحی فورم سے خطاب

پیر 19 مارچ 2018 17:35

حکومت آئندہ چند دنوں تک نئی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرے گی،مفتاح اسماعیل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2018ء) مشیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ چند دنوں تک نئی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرے گی کیونکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کا کہا ہے جبکہ امن و امان کا معیشت سے گہرا تعلق ہے اور موجودہ حکومت نے کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم کیا ہے جس سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے جسے 8 سے 10 فیصد تک لے جانا چاہتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ورلڈ اسلامک فنانس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے اور مقامی صنعتوں کو بھی اسلامک فنانس کی طرف لا رہے ہیں ، صنعتوں اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لئے اقدامات کرتے ہوئے صنعتوں کو گیس اور بجلی مکمل طور پر فراہم کر رہے ہیں جبکہ ماضی میں ملک کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا رہا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں 10 سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی ہے جبکہ امن و امان کا معیشت سے گہرا تعلق ہے اور کراچی سمیت ملک بھر میں امن بحال ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور شرہ نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے جسے موجودہ حکومت 8 سے 10 فیصد تک لے جانا چاہتی ہے اور ملکی بہتر صورت حال کی وجہ سے معاشی اہداف حاصل کرنا مشکل نہیں رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کا کہنا ہے اور حکومت آئندہ چند دنوں تک نئی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرے گی۔ جس سے ٹیکس دہندگان کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے وسائل سے مالا مال ہے جبکہ موجودہ دور حکومت میں محصولات کی شرح وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور معیشت میں استحکام سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ ۔