اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ سے ملاقات

کھیلوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ایونٹ کے انقعاد پر تبادلہ خیال

پیر 19 مارچ 2018 17:29

اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ڈی جی پاکستان سپورٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں پاکستان سپورٹس بور ڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور خطے میں کھیلوں و کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کیلئے ایک مشرکہ ایونٹ منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، احمد مغل ، ناصر چوہدری، خالد چوہدری، عباس ہاشمی، محمد فہیم خان ، ظریف احمد خان اور دیگر شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد نے کہا کہ ان کا ادارہ تاجر برادری کو کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں میں ہرممکن تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کھیلوں کی سرگرمیوں کی سرپرستی کرے اور کھیلوں کو فروغ دینے میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر ترقی ملے گی لہذا چیمبر اور پاکستان سپورٹس بورد قریبی تعاون فروغ دے کر باہمی فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے عامر علی احمد نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کی سپریم باڈی ہے جو ملک میں تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کرتی ہے اور اپنے ساتھ ملحقہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنوں کے معاملات کی نگرانی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 40نیشنل سپورٹس فیڈریشنز پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ ملحق ہیں جو اپنی اپنی متعلقہ گیموں اور کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ اپنی ملحقہ فیڈریشنوں کو سالانہ اور خصوصی گرانٹس فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کی کوششوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سپورٹس بورڈ چیمبر کو کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سپورٹس انڈسٹری دنیا میں معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا پاکستان میں بھی سپورٹس انڈسٹری کو بہتر فروغ دے کر معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے پاس مختلف کھیلوں کی عمدہ سہولیات موجود ہیں جبکہ چیمبر نے کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک سپورٹس کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے لہذا انہوں نے کہا کہ بورڈ چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کو ان سہولیات میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرنے میں تعاون کرے جس سے شہریوں سمیت تاجر برادری کو ایک اچھے ماحول میں صحت مند سرگرمیوں میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے تجویز دی کہ چیمبر اور پاکستان سپورٹس بورڈ مشترکہ طور پر ایک ایسا ایونٹ منعقد کرنے پر غور کریں جس سے کھیلوں سمیت کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر چوہدری سمیت احمد مغل، محمد فہیم خان، خالد چوہدری، عباسی ہاشمی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خطے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر کے مختلف کھیلوں کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت کی اور ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :