Live Updates

محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیی ہیں،شیخ آفتاب احمد

پیر 19 مارچ 2018 16:52

محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ..
اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے جھوٹے اور کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات کیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات ، چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود ،سینیئر نائب صدر پی ایم ایل(ن)سلیم شہزاد کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چودھری نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی کام بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ان کاموں کو مقرر ہ مدت میں پورا کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی بلڈنگز کے تحت 41 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیںجن پر1366.366ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوںکی بحالی اور مرمت کی 38 سکیمیں جاری ہیں جن پر 6348.530ملین روپے لاگت آئے گی۔ پبلک ہیلتھ0 3سکیمیں جاری ہیں جن پر 1772.416ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ کی 08سکیموں پر 240.184ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔

وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت 467 سکیموں پر 1300ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں انقلابی ترقیاتی پروگرام جاری ہیں اور ان پروگراموں میں صف اول میڈیکل کالج کا قیام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے پندرہ سو کنال زمین کے حصول کے لیے کوشش کی جارہی ہے جو بہت جلد حاصل کرلی جائے گی اور محکمہ صحت اٹک نے ان کی ہدایات کی روشنی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور یہ کالج موجودہ حکومت کی طرف سے عوام الناس کے لیے تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میڈیکل کالج کے قیام کے بعد اٹک کی عوام کے لیے کینسر ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوںنے اس موقع پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں اور اس سلسلے میں اپنے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی مقامی قیادت کو بھی یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے دیگر ترقیاتی کام بھی ضلع بھر میں جاری ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :