ہمارے پاس پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں،اکبر ایس بابر

پیر 19 مارچ 2018 16:52

ہمارے پاس پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں،اکبر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں، امریکہ، کینیڈا، مڈل ایسٹ اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں پی ٹی آئی غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے، عمران خان خود اعتراف کرتے ہیں کہ ان کی پارٹی کے 17 ارکان اسمبلی بک گئے، عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی سکروٹنی کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو ہوا۔ الیکشن کمیشن نے تین رکنی کمیٹی قائم کی تھی، آج پہلا باقاعدہ اجلاس نہ ہو سکا، دو ممبران نے کمیٹی کا حصہ بننے سے معذرت کر لی، نئی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ 27 مارچ کو ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پی ٹی آئی میں فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت موجود ہیں، ہم نئے شواہد بھی ساتھ لائے ہیں، امریکہ، کینیڈا، مڈل ایسٹ اور یو اے ای سمیت کئی ممالک میں پی ٹی آئی غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوا تین سال بعد یہ معاملہ اب منطقی انجام کو پہنچنے جا رہا ہے، عمران خان خود کہتے ہیں ان کی پارٹی کے 17 ارکان اسمبلی بک گئے، پرویز خٹک کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا لالی پاپ دیا گیا ہے، عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔