گورنر سندھ محمد زبیر سے جماعت اسلامی کراچی کے وفد کی ملاقات

صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے گذشتہ ایک سال میں ہر سیاسی جماعت اور اسٹیک ہولڈر سے مسلسل رابطہ رکھا ہے، گورنر سندھ وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی وخوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پربھرپور تعاون فراہم کررہی ہے، جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو

پیر 19 مارچ 2018 16:43

گورنر سندھ محمد زبیر سے جماعت اسلامی کراچی کے وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں اسامہ رضی ،سیف الدین ایڈوکیٹ اور زاہد عسکری شامل تھے ۔ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ،اعلی تعلیم کے فروغ کے ضمن میں حائل رکاوٹوں اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی اور عوام کا طرز زندگی بدلنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈر ز کی مشاورت سے اٹھائے گئے اقدامات اہم ثابت ہو رہے ہیں ، وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی وخوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پربھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے ، صوبہ کے متعدد اضلاع حیدرآباد، ٹھٹھہ ، جیکب آباد ، سجاول ،ٹنڈومحمد خان، نوشہرو فیروز اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے عوامی فلاح وبہبود کے میگاپروجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کا طرز زندگی بدلنے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں،ان سے ہر مسئلہ کا حل نکالا جا سکتا ہے،عوامی مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے اس ضمن میں حکومت ہر سطح پر مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے گذشتہ ایک سال میں ہر سیاسی جماعت اور اسٹیک ہولڈر سے رابطہ رکھا ہے، سینٹ انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور کی بنیاد پر عام انتخابات کی تیاری کرنا چاہئے،اگلے انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر نمائندے منتخب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی،موجودہ حکومت نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے ،آئندہ حکومت کو مضبوط معیشت ، بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام کے منصوبے ورثہ میں ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جو دو عشروں تک بدامنی ، بے یقینی اور لاقانونیت جیسے مسائل کا شکار رہا، حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث اب یہ دوبارہ سے اپنی پرانی رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے،اگلے 10 سال پاکستان کی اقتصادی ترقی کا سنہرا دور ہوں گے،مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی عوام کو سہولیات ، قومی معیشت کے مزید استحکام اور عالمی معاشی نقشہ پر ملک کو نمایاں مقام دلانے میں اہم ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء تک کراچی کے حالات نے ملکی معیشت کی ترقی کی رفتار کو متاثر کئے رکھا لیکن موجودہ حکومت نے کراچی کے دیرینہ مسئلہ امن و امان کے حل کے لئے انتہائی مشکل فیصلے کئے ، امن و امان کے قیام میں پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر عزم ہیں کہ امن و امان کے تسلسل کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی مصلحت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، شہر میں امن و امان کے قیام سے معاشی ، صنعتی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے کراچی ایک بار پھر ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی کراچی کو پرامن اور روشنیوں کا شہر دیکھنا چاہتی ہے ، ترقی یافتہ کراچی سے پاکستانی عوام کی بھلائی ہے اس ضمن میں جماعت اسلامی شہر کے مفاد میں اٹھائے گئے ہر مثبت اقدامات کی حمایت کرے گی ہم سب کو مل کر شہر کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے کو ترجیح دینا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مسائل سے شہریوں کی زندگی میں دشواریاں پیدا ہورہی ہے اس جانب بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ با ت خوش آئند ہے کہ گورنر سندھ شہر کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرارہے ہیں ۔