ٹوئن ٹاور فیروز پور روڈ پر تعمیرکرنے کا فیصلہ‘متعدد نئی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری

واسا ملازمین کی بیوگان کو پانی کی مفت فراہمی کی سہولت بحال ، وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں اہم فیصلے

پیر 19 مارچ 2018 16:00

�اہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ٹوئن ٹاور جیل روڈ کی بجائے فیروز پور روڈ پر تعمیرکرنے ‘واسا ملازمین کی بیوگان کو پانی کی مفت فراہمی کی سہولت بحال کرنے اور شہر میں قومی اسمبلی کے 11حلقوں میں نئے تعمیر کئے جانے والے سپورٹس کمپلیکسوں کا نظام چلانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی سربراہی میں11رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے سمیت متعدد اہم فیصلے کئے ہیں،ایم ڈی واسا کو گریڈ17اور 18کے علاوہ گریڈ19 کے افسروں کے بھی تقرر و تبادلے کا اختیار دے دیا گیا ہے اور واسا کے سروس ایریا میں توسیع کے باعث سینٹری ورکر کی 130اسامیوں سمیت مختلف نوعیت کی کل 235 مزید اسامیوں کی بھی منظوری دے دی گئی - لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ رو زوزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور گورننگ باڈی کے ممبر خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر منعقد ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی بائو محمد اختراور ننکانہ صاحب سے رانا محمد ارشد ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان‘منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرلز ایل ڈی اے سمیعہ سلیم اورذیشان شبیر رانا ‘چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زیدی ‘چیف میٹرو پولیٹن پلانر وحید احمد بٹ‘چیف انجینئر ٹیپامظہر حسین خان اور صوبائی محکمہ ہائوسنگ‘ منصوبہ بندی ، بلدیات اور خزانہ اور کمشنر لاہور ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی-اجلاس کے دوران پونے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے سدرن بائی پاس Kبلاک جوہر ٹائون سے علی ٹائون رائے ونڈ روڈ تک شان بھٹی روڈ کی کارپٹنگ کرنے ‘ اللہ ہو چوک جوہر ٹائون میں ٹریفک کا دبائو کم کرنے کے لئے پانچ کروڑ 40لاکھ روپے کے خرچ سے جگاور چوک خیابانِ فردوسی سے جٹ چوک جوہر ٹائون تک برکت علی روڈ کو دورویہ کرنے اور جوہر ٹائون ‘ گلبرگ اور علامہ اقبال ٹائون کی اندرونی سڑکوں کی مرمت و بہتری کے لئے آٹھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی منظوری دی گئی - اس کے علاوہ ایوبیہ مارکیٹ نیو مسلم ٹائون میں واسا کی طرف سے واٹر سپلائی اور سیوریج وغیرہ کی سکیمیں مکمل کرنے کے لئے اکھاڑی گئی سڑکوں کی مرمت کے لئے دو کروڑ90لاکھ روپے کے نظر ثانی شدہ تخمینے کی منظوری دی گئی -گورننگ باڈی نے 58ہزار234کنال پر مشتمل شہر کی سب سے بڑی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کے تفصیلی لے آئوٹ پلان کی منظوری دے دی -سکیم میں مختلف مقامات پر بکھرے ہوئے صنعتی یونٹوں کو کاہنہ کاچھا روڈ کے قریب ایک ہی جگہ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لئیحصول اراضی کی خاطر نو کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی منظوری دی -ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو بوقت ضرورت سکیم کے لے آئوٹ پلان میں ترامیم کرنے کا اختیار دے دیا-اجلاس میںضلع شیخوپورہ ‘ننکانہ صاحب اور قصور میں پٹرول پمپ نصب کرنے کے لئے سڑک کی کم ازکم چوڑائی کی حد 80فٹ سے کم کر کے 60فٹ کر دی گئی تاہم ضلع لاہور میں اس مقصد کے لئے سڑک کی کم از کم چوڑائی 80فٹ کو ہی برقرار رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے ایونیو ون کے بلاک بی میں واقع117پلاٹوں تک رسائی ممکن بنانے کے لئے متبادل جگہ پر 40فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر کی خاطر سکیم پلان میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔لاہور رنگ روڈ سے ایکسپو سنٹر جوہر ٹائون تک کینال روڈ کے متوازی اور جوبلی ٹائون کے اندر سے گزرنے والی نئی سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر کے پیش نظرسوک سنٹر جوبلی ٹائون میں کاروبار کے وسیع مواقع پیدا کرنے اور یہاں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے لئے سوک سنٹر میں واقع مسجد‘ پٹرول پمپ‘ بوائز کالج اور ہسپتال کے لئے مختص پلاٹوں کو متبادل جگہوں پر منتقل کر کے ان جگہوں پر کمرشل پلاٹ بنانے اور برلب سڑک واقع ڈی بلاک کے پہلے 24رہائشی پلاٹوں کو کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی گئی- اس کے علاوہ سوک سنٹر جوہر ٹائون میں واقع 1285مربع میٹر رقبے کا پلاٹ نمبر 41پنجاب سیڈ کارپوریشن کو الاٹ کرنے اور قریب واقع رہائشی پلاٹوں کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق اس کی قیمت وصول کرنے کی بھی منظوری دی گئی-اجلاس میں سات کروڑ 83لاکھ روپے کی لاگت سے ایل ڈی اے افسران کے لئے جوبلی ٹائون میں 10دو منزلہ سرکاری رہائش گاہیں تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی جہاں 20خاندان رہائش اختیار کر سکیں گے۔

اس موقع پر ایل ڈی اے افسران کو شفاف طور پر سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کے لئے اکاموڈیشن پالیسی کی بھی منظور ی دی گئی ۔ایل ڈی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل کیڈر‘ٹائون پلاننگ اور انجینئرنگ کی اسامیوں پر بھرتی کے لئے امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر25سال سے بڑھا کر28سال کر دی گئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں نئے تعمیر کئے جانے والے 11 سپورٹس کمپلیکسوں کا نظام چلانے کے لئے تشکیل دی جانے والی11رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر ارکان میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ‘ڈپٹی کمشنر لاہور‘ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل(ہیڈکوارٹرز)ایل ڈی اے بطور سیکرٹری ‘چیف انجینئر ایل ڈی اے اور دیگر ارکان شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹی خود انحصاری کی بنیاد پر ان سپورٹس کمپلیکسوں کو چلائے گی اور ان کے انتظامی اور مالی امور کی نگرانی کرے گی ۔اجلاس میںقومی اسمبلی کے پرانے حلقہ این اے 128میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے پنجاب کوآپریٹو بورڈ فار لیکوڈیشن سے کینال روڈ پر ای ایم ای سوسائٹی سے ملحقہ اراضی خریدنے کے لئے برج فنانسنگ کے تحت ایل ڈی اے کے بجٹ سے 29کروڑ روپے ادا کرنے کی منظوری دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :