کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے‘سیدعلی گیلانی

بھارتی وزیر داخلہ کا حالیہ اشتعال انگیز بیان غیر ذمہ دارانہ اور تاریخی حقائق کے منافی ہے

پیر 19 مارچ 2018 16:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے مسئلہ کشمیر بارے میں بھارتی لیڈروں کے حالیہ بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور تاریخی حقائق کے منافی قرار دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ دراصل فرقہ پرست بھارتی حکمران اپنے دور اقتدار کو طول دینے کیلئے کشمیر اور پاکستان کے خلاف زیادہ سے زیادہ زہر آلود بیانات داغنے کو ہندو ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

سیدعلی گیلانی نے بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اشتعال انگیزحالیہ بیان جس میں انہوں نے سرحد پار کرنے اور کشمیر کو بھارت کااٹوٹ انگ قراردیا ہے کو حقائق کے خلاف قراردیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے طاقت کے نشے میں چور بھارتی وزیر داخلہ اور دیگر لیڈروں کے بیانات کو تیسرے عالمی جنگ کو بھڑکانے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو ان سنگین بیانات کاسخت نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوںنے کہ عالمی برادری کومقبوضہ کشمیرمیںتعینات آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں کشمیری عوام کی حالت زار کو ان اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں دیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔انہوںنے جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیرمیںقبرستان کی سی خاموشی قائم کرکے ہر طرح کی پرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائدکر رکھی ہے۔

ادھر سید علی گیلانی نے بالہامہ کھونموہ کے خونین معرکے میں جاں بحق ہوئے اویس احمد ترال کے تعزیتی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1947 سے آج تک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے ۔انہوںنے لوگوں کو یکسوئی کے ساتھ تحریک آزادی سے وابستہ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک ایک مقدس تحریک ہے جس کی آبیاری کیلئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

حریت چیئرمین کی ہدایت پر تحریک حریت کے ایک وفدنے نودل ترال جاکر شہید اویس کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور سیدعلی گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔وفد میںعمر عادل ڈار، اشفاق احمد خان، محمد رفیق اور طارق احمد شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :