معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے-مشیرخزانہ کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 مارچ 2018 15:31

معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے-مشیرخزانہ کا دعوی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 مارچ۔2018ء) مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعوی کیا ہے کہ معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے اور موجودہ حکومت جی ڈی پی کی شرح آٹھ سے دس فی صد تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔کراچی میں ورلڈ اسلامک فنانس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں اور چھوٹے کاروبارکے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں، مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کوفروغ دیاجارہا ہے اور مقامی صنعتوں کو بھی اسلامک فنانس کی طرف لارہے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے، معاشی ترقی کی حالیہ شرح دس سال میں سب سے زیادہ ہے اور موجودہ حکومت جی ڈی پی کی شرح آٹھ سے دس فی صد تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے، ٹیکسوں کی شرح کم کرکے دائرہ کارکووسیع کیا گیا ہے، ٹیکس نظام کوعوام دوست بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں محصولات کی شرح وصولی میں نمایاں بہتری آئی، ملک کی بہترصورت حال کی وجہ سے معاشی اہداف حاصل کرنا مشکل نہیں رہا۔

مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ صنعتوں کومکمل طور پر گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے، موجودہ دور میں 10 سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ امن امان کی صورت حال کا معیشت سے گہرا تعلق ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں امن امان بحال ہوچکا اور امن کی وجہ سے کراچی میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔