عوامی مشاورت کے ذریعہ ہزارہ کے تمام اضلاع سے مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف

پیر 19 مارچ 2018 15:13

عوامی مشاورت کے ذریعہ ہزارہ کے تمام اضلاع سے مضبوط امیدوار میدان میں ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشیں کر کے اسے ختم کرنے والے کھلی آنکھوں سے خواب دیکھ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط جماعت بن چکی ہے، آئندہ عام انتخابات میں عوامی مشاورت سے ہزارہ کے تمام اضلاع سے مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے، ضلع بٹگرام سے بھی کارکنان کی مشاورت سے مضبوط امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔

وہ گذشتہ روز بٹگرام سے متوقع صوبائی اسمبلی کے امیدوار سردار محمد قاسم کی قیادت میں ملنے والے وفد سے سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار محمد قاسم نے بٹگرام کے مسائل اور سیاسی حالات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سردار محمد قاسم نے کہا کہ بٹگرام کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

اس موقع پر ممبر تحصیل کونسل سردار عبدالعزیز، مسلم لیگ (ن) ضلع بٹگرام کے جنرل سیکرٹری نوابزادہ آفتاب خان، جی آئی سی کے رہنما حاجی جمروز گجر، فضل ربی، حاجی بنات، حاجی حبیب الرحمن، ناظم معتبر اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مشاورتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ضلع مانسہرہ، ضلع بٹگرام بلکہ پورے ہزارہ ڈویژن کے تمام قومی اور صوبائی حلقوں سے مضبوط امیدواروں کو عوامی اور کارکنان کی مشاورت سے میدان میں اتارے گی، اس ضمن میں بٹگرام کے لوگ بھی مشاورت کریں، ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ہزارہ سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔