موسم گرما میں خانپور ڈیم کے خشک ہونے کا خطرہ بڑھ گیا، خانپور کے سینکڑوں دیہات میں زیر زمین پانی کی سطح کم ہوگئی

پیر 19 مارچ 2018 15:13

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) موسم گرما میں خانپور ڈیم کے خشک ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، بارشیں نہ ہونے سے علاقہ پہاڑ خانپور کے سینکڑوں دیہات میں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے، علاقہ کے چشمے اور کنویں بھی خشک ہونے لگے ہیں، پینے کے پانی کے بڑے بحران کے ساتھ ساتھ قحط سالی کے شدید خطرات بھی بڑھ گئے ہیں، اہلیان علاقہ نے صوبائی حکومت سے علاقہ کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کر دیا، خانپور ڈیم میں بھی پانی کی سطح تیزی سے گرنے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسلادھار بارشیں نہ ہونے کے باعث علاقہ پہاڑ خانپور کے سینکڑوں دیہات میں پانی کے بدترین بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ علاقہ پہاڑ کی چار یونین کونسلوں جبری، برکوٹ، مسلم آباد اور نجف پور کے سینکڑوں دیہات میں زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے گرنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے چشموں اور کنوئوں کا پانی خشک ہونا شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پانی کی شدید کمی کا شکار خانپور ڈیم بھی مکمل خشک ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں پینے کے پانی کی پہلے سے کمی تھی وہاں تو پینے کا پانی دور دور تک دستیاب نہیں ہے، لوگ میلوں کی مسافت طے کر کے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ پانی کی کمی بحران کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :