ْلاہور ہائیکورٹ، ریٹائرڈ ملازم کی پنشن روکنے پر چیئرمین واپڈا و دیگر فریقین کو نوٹس جاری

پیر 19 مارچ 2018 14:57

ْلاہور ہائیکورٹ، ریٹائرڈ ملازم کی پنشن روکنے پر چیئرمین واپڈا و دیگر ..
لاہور۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن روکنے پر چیئرمین واپڈا و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن روک کر انہیں کیوں تنگ کیا جاتا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے واپڈا کے سابق چیف انجینئر طاہر انور کاہلوں کی درخواست پر سماعت کی جس میں ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن روکنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا، عدالت کے رو برو درخواستگزار کی وکیل ربیعہ باجوہ ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ انکوائری میں بے گناہ ہونے کے باوجود پنشن ادا نہیں کی جارہی جو اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی نفی ہے، درخواستگزار کی وکیل عدالت کو بتایا کہ قانونی طور پر پنشن کسی ملازم کا بنیادی حق ہے اور جس سے محروم نہیں کیا جا سکتا، خاتون وکیل نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مخصوص الزامات کی بنیاد پر کسی کو اس کی پنشن سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ، جس پرجسٹس فرخ عرفان خان نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن روک کر انہیں کیوں تنگ کیا جارہا ہے، دوران سماعت درخواستگزار کی وکیل نے استدعا کی کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی روشنی پنشن کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :