Live Updates

میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے اب پشاور میں 27ارب کی بجائے 57ارب میں میٹرو بس کا منصوبہ بنا کر 30 ارب کا ٹیکہ لگانے جا رہے ہیں

،کرپشن کی داستان زرداری سے شروع ہو کر عمران خان پر ختم ہو تی ہے، غیر جمہوری انداز میں اقتدار میں آنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی کی فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت

پیر 19 مارچ 2018 14:30

میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے اب پشاور میں 27ارب کی بجائے 57ارب میں میٹرو ..
فیصل آباد۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت اپنے قائدین کی قیادت میں دن رات برق رفتاری سے عوامی ترقی کا سفر طے کر رہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں نیز کل تک خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی لاہور ، راولپنڈی و ملتان میں عوام کو بہترین و عالمی معیار کی صاف ستھری اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے بنائی گئی میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے اب پشاور میں 27ارب کی بجائے 57ارب میں میٹرو بس کا منصوبہ بنا کر 30 ارب کا ٹیکہ لگانے جا رہے ہیں جبکہ کرپشن کی داستان زرداری سے شروع ہوکر عمران خان پر ختم ہو تی ہے نیزخیبر پختونخواہ میں ایک ارب درخت لگانے کے منصوبہ میں بھی شرمناک کرپشن کی گئی ہے جس کا انہیں جواب دینا ہو گا، جمہوریت کیخلاف سازشیں کرنے والوں کا غیر جمہوری انداز میں اقتدار میں آنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا ، وہ گزشتہ روز گورنمنٹ ایم سی گرلز پرائمری سکول بلاک سی علامہ اقبال کالونی فیصل آباد کی نئی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری میاں طاہر جمیل بھی موجود تھے، اس موقع پر عابد شیر علی نے کہا کہ نیب جس طرح دیگر منصوبوں کے خود ہی نوٹس لے کر کارروائی کر رہی ہے اس طرح اسے خیبر پختونخواہ کی میٹرو بس اور ون بلین ٹری کے منصوبوں میں ہونے والی کرپشن پر بھی فوری کارروائی کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ لیگی قائدین کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ ملک چھوڑ کر نہ کہیں جائیں اور نہ ہی اس کا تصور کر سکتے ہیں، انہوںنے کہا کہ جمہوریت کے دشمن جتنی مرضی سازشیں کر لیں وہ 2018ء کے عام انتخابات میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کا راستہ نہیں روک سکیں گے اور آئندہ بھی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہی ہو گی، عابد شیر علی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے وہ پہلے 10 پھر 100اور اب سارے پرسنٹ ہوگئے ہیں ، انہوںنے کہا کہ سینٹ الیکشن میں عمران خان کی پارٹی کی بولیاں لگائی گئیں جس پر ان کا دوغلہ پن کھل کر سامنے آگیا ہے، انہوںنے کہا کہ لیاری گینگ وار کا سرغنہ اور پی پی پی کا جیالا عزیر بلوچ کہتا ہے کہ کرپشن کی سربراہ فریال تالپوراور لاڑکانہ میں کرپشن سرغنہ ہیں مگر انہیں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، انہوںنے کہا کہ مخالفین غیر قانونی اور غیر جمہوری طریقے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں لیکن 2018ء کے انتخابات میں اقتدار کس کو ملے گا یہ فیصلہ عوام کریں گے ، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ محمد نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑ اہوگیا ہے، انہوںنے کہا کہ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کیلئے دن رات کام کر رہی ہے او رصوبہ کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہسپتال بن رہے ہیں تاکہ عوام کو صحت کی تمام ممکن سہولیات گھر کی دہلیز کے قریب دستیاب ہو سکیں، انہوںنے کہا کہ حکومت عوام کو صحت ، تعلیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زراعت ، لائیو سٹاک ، معیشت ،اقتصادیات کی ترقی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان جلد ایشین ٹائیگر بن کر ابھرے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات