سنیل گروور نے کپل شرما کو بدتمیز قرار دیدیا

سب جانتے ہیں تم اچھے کامیڈین ہو لیکن میں وہی سب کچھ کہتارہوں گا جو میں جانتا ہوں‘سنیل گروور

پیر 19 مارچ 2018 12:10

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو ’دی کپل شرما ‘ کے معروف اداکار سنیل گروور نے کپل شرما کو بدتمیز قرار دیدیا۔بھارت کا سب سے مقبول ترین شو ایک بار پھر ’فیملی ٹائم ود کپل شرما‘ کے نام سے شروع ہونے جارہا ہے لیکن شو کے شروع ہونے سے قبل ہی اس کے مرکزی کردار کپل شرما اور سنیل گروورکے درمیان کشیدگی اتنی بڑھ گئی کہ ڈاکٹر گلاٹی کا کردار ادا کرنے والے سنیل گروور نے کپل کو بدتمیز قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز سنیل گروور نے کپل کے نئے شو ’فیملی ٹائم ود کپل شرما ‘میں بلائے نہ جانے پر انکشاف کیا تھا کہ اٴْن سے نئے شو سے متعلق کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ سنیل کے اس بیان کے بعد کپل شرما بھی خاموش نہ رہے اور سنیل کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے سیکڑوں بار رابطہ کرنے کی کوشش کی اور دو بار گھر بھی آیا لیکن ہر بار کی طرح تم گھر پر موجود نہیں تھے۔

(جاری ہے)

لہذا اس طرح کی خبریں نہ پھیلائی جائیں کہ شو میں شامل کرنے سے متعلق رابطہ نہیں کیا گیا۔کپل شرما نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بہت ہوگیا،اب ذاتی طور پر کچھ نہیں ہوگا بلکہ اب ساری باتیں سب کے سامنے ٹوئٹر پر ہی ہوں گی۔سنیل گروور بھی کپل کے اس غصے پر پیچھے نہ رہے اور فوراً ہی کپل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نئے شو میں شامل ہونے کی بات کر رہا ہوں اور آپ اب تک پرانہ قصہ رو رہے ہیں اور میں ایک سال تک اس لئے خاموش رہا کیوں کہ آپ کی بدتمیزی سامنے آجاتی،سب جانتے ہیں تم اچھے کامیڈین ہو لیکن میں وہی سب کچھ کہتارہوں گا جو میں جانتا ہوں۔

واضح رہے کہ مشہور زمانہ کامیڈی شو ’دی کپل شرما ‘ گزشتہ سال کپل اور سنیل گروور کی لڑائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو گیا تھا جس کے بعد شوکو بند کردیا گیا تھا۔